آلوچی باغ سرینگر میں بندوق برداروں نے بی جے پی کارکن پر فائرنگ کی

30سالہ نوجوان کی حالت اسپتال میں نازک ، سال 2014میں الیکشن لڑا تھا

سرینگر؍29؍اپریل؍ ؍ آلوچی باغ سرینگر میں بندوق برداروں نے سابق پولیس اہلکار اور بی جے پی کارکن پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور اُس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس ترجمان کے مطابق عام شہری کو گولی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق آلوچی باغ سرینگر میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب بندوق برداروں سابق پولیس اہلکار اور بی جے پی کارکن 30سالہ زبیر مجید پرے ولد عبد المجید پرے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہو کر نیچے گر پڑا۔ آس پاس موجود لوگوں نے زبیر مجید پرے کو فوری طورپر صدر اسپتال منتقل کیا جہاں پر اُس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس وفورسز کے اہلکار جائے موقع پر پہنچ گئے اور ااس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی ۔ پولیس ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شام دیر گئے آلوچی باغ سرینگر میں ملی ٹینٹوں نے عام شہری پر فائرنگ کی جس کی وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ سال 2014کے اسمبلی الیکشن میں زبیر احمد نے بی جے پی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔

Comments are closed.