ٹرانسپورٹ کے ناقص انتظامات ،فٹ پاتھوں پر قبضہ سڑکوں کی خستہ حالی سے لوگ پریشان

سرینگر/28اپریل ریاستی انتظامیہ عوام کو بنیادی سہولیات بہم رکھنے میں جہاں پوری طرح ناکام نظر آرہی ہے وہیں بنیادی درپیش مشکلات سے چھٹکارا دلانے کیلئے بھی کچھ نہیں کیا جارہا ہے جن میں ٹرانسپورٹ کے ناقص انتظامات کا معاملہ سرفہرست ہے جب کہ فٹ پاتھوں پر قبضہ ،سڑکوں کی خستہ حالی اور ذخیرہ اندوزجیسے معاملات نے بھی لوگوں کو پریشان کر رکھا ہے ۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وادی میں گذشتہ کئی برسوں سے ٹریفک نظام کو درست کرنے کیلئے محض میٹنگوں کا سلسلہ چلتا آرہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ٹریفک نظام دن بدن ابتر ہوتا جارہا ہے جس کیلئے ابتر منصوبہ بندی اور متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان تال میل کی کمی کو بنیادی وجوہات بتایا جارہا ہے تاہم وزیروں اور متعلقہ افسروں کی بڑی تعداد محض بیانات اور میٹنگوں کا سہارا لینے کی عادی ہوگئی ہے ۔موجودہ جدید اور تیز رفتار زمانے میں ٹرانسپورٹ کی جو اہمیت ہے اسے ہر کوئی بخوبی واقف ہے تاہم ریاست خاص کر وادی میں ٹرانسپورٹ کے نظام پر آج تک لوگوں کو پریشانیوں اور مصیبتوں کے سوا کچھ حاصل نہ ہوا ۔جہاں سرشام ہی مسافر گاڑیاں سڑکوں سے غائب ہوجاتی ہیں وہیں کہیں ٹرانسپورٹ کے معقول انتظامات نظر نہیں آرہے ہیں ۔یہاں تک کہ اس وقت بھی سرینگر کے درجنوں علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات تک دستیاب نہیں ہے ۔ٹرانسپورٹ کے ناقص نظام کے علاوہ لوگوں کو ابتر سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر ناجائز قبضے اور ذخیرہ اندوزوں کی حرکتوں جیسے دوسرے مسائل سے جھوجھنا پڑ رہا ہے تاہم ریاستی انتظامیہ ان اہم مسائل کونمٹنے میں ناکام نظر آرہی ہے جس کے نتیجے میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔سڑکوں کی حالت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ذخیرہ اندوزوں کے حوصلے بلند سے بلند ہوتے جارہے ہیں اورفٹ پاتھوں پر قبضہ کم ہونے کے بجائے بڑھتا ہی جارہا ہے جس کے باعث عوام کو قدم قدم پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

Comments are closed.