لائن آف کنٹرو ل پر دراندازی کی کوشش ناکام ،جنگجوؤں اور فورسز کا آمنا سامنا

گھنے جنگلات میں ممکنہ طورموجود مزیدجنگجوؤں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کارروائی وسیع پیمانے پر جاری

سرینگر /27اپریل فوج نے لائن آف کنٹرول کے کپواڑہ سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ادھر گھنے جنگلات میں ممکنہ طورموجود مزیدجنگجوؤں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کارروائی وسیع پیمانے پر جاری ہے۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کو دفاعی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کپواڑہ کے جمہ نگر علاقے میں جمعرات کی شام دیر گئے لائن آف کنٹرول کے پر فوج نے دراندازی کی ایک اور کوشش ناکام بنادی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی شام کنٹرول لائن کی نگرانی پر مامورفوجی اہلکاروں نے گشت کے دوران جنگجوؤں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت دیکھی۔ذرائع کے مطابق جب فوج نے آس پاس کے علاقہ کو گھیرے میں لے کرجنگجوؤں کو سرنڈر کرنے کی پیشکش کی تو جواب میں انہوں نے فوج پر اندھادھند گولیاں چلائیں جس پر فوجی اہلکاروں نے فوری طور مورچہ سنبھالتے ہوئے جوابی کارروائی شروع کی۔اس طرح طرفین میں باضابطہ جھڑپ کا آغاز ہوا اوران کے درمیان شدید گولی باری کاسلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔اسی دوران فورسز کی اضافی کمک طلب کرکے مزید علاقوں کو گھیرے میں لیکر تلاشی کارروائی جاری رکھی گئی۔ دفاعی ذرائع کے مطابق علاقہ میں اگر چہ گولیوں کا تبادلہ رک گیا ہے لیکن فوج کو خدشہ ہے کہ جنگجوؤں کا ایک گروپ لائن آف کنٹرول کے متصل گھنے جنگلات میں پناہ لے رکھی ہے۔انہیں تلاش کرنے کیلئے فوج کی مزید کمک کی مدد سے وسیع جنگلات کو گھیرے میں رکھا گیا ہے اور آخری اطلاع ملنے تک تلاشی کارروائی جاری تھی۔ دفاعی ذرائع نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کپواڑہ میں لائن آف کنٹرل (ایل او سی) کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے جنگجوؤں کے ایک گروپ کو سرحد کے اس پار دراندازی کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا۔ تاہم جب فوجیوں نے جنگجوؤں کو للکارا اور انہیں خودسپردگی اختیار کرنے کے لئے کہا تو انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ انہوں نے بتایا کہ جنگجوؤں اس پار کشمیر میں واپس داخل ہوگئے ہے تاہم فوج کو خدشہ ہے کہ کئی جنگجوؤں گھنے جنگلات میں چھپے بیٹھے ہیں جن کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے علاقہ میں آپریشن جاری ہے اور سیکورٹی فورسز کی مزید کمک وہاں بھیجی جاچکی ہے۔

Comments are closed.