ہتھیار چھیننے کے واقعہ کی وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع ، ملوثین کو بخشا نہیں جائے گا / آئی جی کشمیر

حید پورہ میں پولیس پوسٹ پر جنگجوؤں کا شبانہ حملہ ،4رائفلیں اڑا کر فرار

سرینگر/26پریل / اپنی نوعیت کے ایک اور سنسنی خیز واقعہ میں گوری پورہ حیدر پورہ سرینگر میں گزشتہ شب نا معلوم مسلح افراد نے پولیس پوسٹ میں تعینات پولیس اہلکاروں پر حملہ کرکے ان سے 4سروس رائفلیں چھین لی اور فرار ہوگئے۔واقعہ کے فورا بعد پولیس اور فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر نامعلوم مسلح افراد کی تلاش شروع کر دی ہے ۔ ادھر آئی جی کشمیر نے واقعہ سے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سرینگر کے مضافاتی علاقہ گوری پورہ حیدرپورہ میں پیش آئے ہتھیار چھیننے کے واقعہ کی وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملوثین کو بہت جلد قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سی این آئی کے مطابق بدھ کی شام دیر گئے سرینگر کے گوری پورہ حیدر پورہ علاقے میں اس وقت خوف د ہشت کی لہر پیدا ہو گی جب نا معلوم مسلح افراد نے علاقے میں قائم پولیس پوسٹ میں تعینات جموں و کشمیر پولیس سے وابستہ 4اہلکاروں کو نشانہ بنا کران پر حملہ کیا اور انکی سروس رائفلیں چھین کر جائے وقوع سے فرار ہو گئے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلح افراد جن کی تعداد سات بتائی جا رہی ہے پولیس پوسٹ میں داخل ہو گئے اور وہاں سے دو ایس ایل آر ، ایک انساس اور ایک کاربن رائفل اڑا کر فرار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق واقعہ کے فورا بعد پولیس اور سیول انتظامیہ کے اعلیٰ افیسران نے موقعہ پر پہنچ کر حالت کا جائیزہ لیا جبکہ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو اپنے محاصرے میں لیکر مسلح افراد کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم آخری اطلاعات ملنے تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ ادھر واقعہ کے فورا بعد سرینگر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ مسلح افراد کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کی گئی۔ اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ واقعہ کی نسبت کیس درج کرکے اس سلسلے میں تحقیقات کا شروع کی گئی ہے جبکہ ایک اسپیشل تحقیقات کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو پولیس اہلکاروں سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔پولیس کے ایک سنیئر افسر نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنگجوؤں پولیس اہلکاروں کی رائفلیں چھین کر فرار ہوئے ہیں تاہم معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔ ادھر پولیس ہیڈکوارٹرس پر منعقدہ ایک پروگرام کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی نے بتایا کہ ’ہم نے گوری پورہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ ملوثین کو بہت جلد قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہتھیار چھیننے کے واقعہ کی وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ملوثین کے بارے میں کچھ کہا جاسکتا ہے‘۔ انہوں نے کہا ’آپ نے کل دیکھا ہوگا کہ پانپور میں ہم نے تین لوگوں کو گرفتار کیا۔ ان میں سے ایک کے پاس ہتھیار بھی تھا۔ وہ (گرفتار شدگان) ہتھیار چھیننے کا منشا رکھتے تھے‘۔

Comments are closed.