بی جے پی عصمت دری کے ملزمین کا تحفظ کررہی ہے: کانگریس

نئی دہلی،22اپریل، کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر عصمت دری کے ملزمین کو تحفظ فراہم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کو ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے۔
کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستی حکومتیں خواتین کے خلاف جرائم پر لگام لگانے میں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔گزشتہ چار برس کے دوران خواتین کے خلاف جرائم میں بڑے پیمانہ پر اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے لیڈر اور ریاستی حکومتوں میں شامل وزرا عصمت دری کے ملزمین کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے ایک مرکزی وزیر کے اس بیان کی مذمت کی جس میں کہا گیا ہے کہ ایک دو عصمت دری ہوہی جاتی ہیں۔
مسٹر سرجے والا نے کہا کہ ایسے بیانات سے عصمت دری کے ملزمین کو حوصلہ ملتا ہے۔ وزیراعظم کوایسے بیان دینے والے وزرا، اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی اور لیڈروں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے۔
یو این آئ

Comments are closed.