سرینگر// حریت کانفرنس(ع) کے چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے معصوم آصفہ کے ساتھ پیش آئے المناک سانحہ میں ملوث مجرمین کو سخت ترین سزا دینے کے ساتھ ساتھ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران جموں وکشمیر میں پیش آئے ایسے تمام واقعات جن میں یہاں کی عفت مآب خواتین کے ساتھ زیادتیاں کی گئی کی نئے سرے سے تحقیقات کا مطالبہ دہراتے ہوئے دنیا کے انصاف پسند اقوام اور ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ ان سانحات کے حوالے سے اپنی صدائے احتجاج بلند کریں۔گزشتہ دو جمعہ تک مسلسل نظربندی کے بعد مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل ایک بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حریت چیرمین نے کہا کہ معصوم آصفہ کے دردناک واقعہ نے جہاں پوری عالم انسانیت کو جنجھوڑ کررکھ دیا ہے وہیں اس واقعہ نے پوری کشمیری قوم کے پرانے زخموں کو کریدا ہے کیونکہ یہاں کے عوام کو گزشتہ تین دہائیوں کے دوران بھارتی فوج اور فورسز کی جانب سے اس طرح کی بربریت کا سامنا کرنا پڑتا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کنن پوشپورہ ، چک سعدپورہ، پزی پورہ، پالہ پورہ، ڈورو، بدسگام، ڈلی پورہ شوپیاں (آسیہ ،نیلوفر) اور یگر مقامات کے سانحات یہاں بھارتی فوج کی ننگی بربریت کے وہ واقعات ہیں جن کے ذریعے اس قوم کے اعصاب کو توڑنے کی کوشش کی گئی ۔ لہٰذا ان تمام واقعات کی غیر جانبدارانہ ایجنسیوں سے باضابطہ تحقیقات کی جانی چاہئے اور ملزمین کو قرار واقعی سزا دی جانی چاہئے۔کشمیر نیوز بیورو کو موصلہ اطلاع کے مطابق انہوں نے کہا کہ معصوم آصفہ اور اس جیسے سانحات یوں ہی پیش نہیں آئے بلکہ ان کے پیچھے ایک منظم اور گھناؤنی سوچ کارفرما تھی اور جہاں آصفہ کے سانحہ کے ذریعہ ایک کمیونٹی کو ٹارگٹ کرکے ان میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی گئی وہیں کنن پوشپورہ جیسے سانحات کے ذریعہ پوری کشمیری قوم کو ٹارگٹ بنا کر یہاں کے عوام کو زیر کرنے کی کوشش کی گئی ۔ میرواعظ نے کہا کہ جہاں پوری کشمیری قوم کا یہ متفقہ مطالبہ ہے کہ آصفہ کے قاتلوں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے وہیں ہمارا دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ کنن پوشپورہ سے لیکر آج تک جو بھی ان جیسے دردناک سانحات پیش آئے ان کی نئے سرے سے تحقیقات کرکے مجرمین کو قرار واقعی سزا دی جائے اور ہم امید رکھیں گے کہ عالمی ضمیر دنیا کے انصاف پسند اقوام کے ساتھ ساتھ بھارت کے باضمیر لوگ ، سول سوسائٹی اور انصاف پسند ادارے کشمیریوں کے ساتھ پیش آئے ان سانحات پر اپنی صدائے احتجاج بلند کرکے مجرمین کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ دہرائیں گے ۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.