مقامی جنگجو بندوق کلچر کو خیر باد کہہ کر گھر واپس لوٹ آئیں /فوجی کمانڈر

وادی کے نوجوان بنیاد پرستی کی طرف مائل ہو رہے ہیں

سرینگر؍20؍اپریل؍ جے کے این ایس؍ مقامی عسکریت پسندوں کو بندوق کو خیر باد کہہ کر مین اسٹریم میں آنے کا ایک دفعہ پھر مشورہ دیتے ہوئے فوجی آفیسرنے کہاکہ نوجوانوں کوبنیاد پرستی سے دور رکھنے کیلئے زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر کے بھٹکے ہوئے نوجوانوں ک و راہ راست پر لانا ناگزیر بن گیا ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق نئی دہلی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سٹاف ڈیوٹیز ’’ لفٹنٹ جنرل اے کے شرما ‘‘ نے کہا کہ ریاست خاص کر وادی کے نوجوانوں کو مین اسٹریم کی طرف راغب کرانے کیلئے زمینی سطح پر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فوجی آفیسر کے مطابق مقامی نوجوانوں کو بندوق کلچر کو خیر باد کہہ کر مین اسٹریم کی طرف آنا چاہئے کیونکہ وقت آگیا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر میں خون خرابے کو بند کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ منصوبہ بند سازش کے تحت ریاست کے نوجوانوں کو بنیاد پرستی کی طرف مائل کیا جارہا ہے جس پر فوری قدغن لگانے کی ضرورت ہے۔ فوجی کمانڈر کے مطابق نئی دہلی میں چھ روزہ آرمی کمانڈرس کانفرنس کے ریاست جموں وکشمیر کی صورتحال پر بحث ہوئی جس دوران فوج کے سینئر آفیسران نے ریاست خاص کرو ادی کشمیر میں بندوق کلچر کو ختم کرنے کیلئے زمینی سطح پر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لفٹنٹ جنرل شرما نے بتایا کہ چین اور پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر فوج کو جدید سازو سامان سے لیس کرنے کے ضمن میں بھی اتفاق کیا گیا ۔

Comments are closed.