معراج العالم ﷺ کی اختتامی تقریب کے سلسلے میں وادی بھر تقریبات کا اہتمام
سخت ٹھنڈ اور برستی بارشوں کے باوجود درگاہ حضرتبل میں ہزاروں عقیدت مند ہوئے موئے پاک کے دیدار سے فیضیاب
سرینگر/20اپریل / سخت ترین ٹھنڈ اور برستی بارشوں کے باوجود معراج العالم ﷺ کی اختتامی تقریب سعید پر آثار شریف درگاہ حضرت بل میں فرزندان توحید اورعاشقان رسول ﷺ کا اژ دھام اُمڈ آیا ،جو نماز جمعہ کے بعددیدارِ موئے مقدس ﷺ سے فیضیاب ہوئے۔درودحضور ’صلی علیک یا رسول اللہ،وصلم علیک یا حبیب اللہ ‘ کا وردکرتے ہوئے فرش پر استادہ عرش کی طرف ہاتھ اُٹھاکر اللہ تعالیٰ کے حضوراپنے گناہوں ،خطاؤوں اورلغزشوں کی معافی طلب اورآخرت میں دیدارنبی برحق ﷺ کی تمنا پوری ہونے کیلئے گڑگڑاتے ہوئے دعائیں مانگ رہے تھے۔ادھر وادی کے اطراف واکناف سے حضرت بل کا رُخ کرنے والے ہزاروں عقید مندوں کیلئے ایس آر ٹی سی کی جانب سے خصوصی بس سروس بہم رکھی گئی۔اس دوران شہرسرینگر اوروادی کے دوسرے تمام علاقوں میں قائم مساجد،خانقاہوں اورزیارت گاہوں میں بھی معراج العالم ﷺ کی اختتامی تقریب سعیدکے موقعہ پر روح پروراوربابرکت اجتماعات کااہتمام انتہائی تزک واحتشام کیساتھ کیاگیا اورلاکھوں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز جمعہ کے اجتماعات میں حصہ لیا۔سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں موسلا دار بارشوں کے باوجود معراج العالمﷺ کے سلسلے میں اختتامی تقریب وادی بھرمیں پوری عقیدت واحترام کے ساتھ منائی گئی اور اس سلسلے میں پوری وادی کی مساجد ، خانقاہوں میں رات بھر شب خوانی ہوئی اور لوگ اللہ کے حضور میں سربسجود ہو کر درود ازکار میں بھی محو رہے ۔ وادی میں معراج العالم ﷺ کی سب سے بڑی اختتامی تقریب درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی جہاں شہر سرینگر سمیت وادی کے اطراف واکناف سے ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسولﷺ درگاہ حضرت بل میں جمع ہوئے۔سٹی رپورٹر کے مطابق درگاہ حضرتبل میں زائرین کا سب سے بڑا اجتماع ہوا اور اطلاعات کے مطابق کپوارہ، ،بارہمولہ، سوپور ، بانڈی پورہ ، پلوامہ ، شوپیان ، گاندربل ، اننت ناگ ،بڈگام سمیت دیگر اضلاع کے دور دراز دیہات سے مرد وزن کی ایک بڑی تعدا د نے پہلے ہی درگاہ حضرت بل پہنچنا شروع کیا اور اس سلسلے میں کئی ایک مقامات پر زائرین کے لئے ایس آر ٹی سی کی گاڑیاں وقف رکھی گئیں جو زائرین کو درگاہ حضرتبل لانے اور لیجانے کے لئے استعمال ہوئی۔ سٹی رپوٹر کے مطابق درگاہ جانے والے زائرین کیلئے سٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی طرف سے خصوصی بسوں کا انتظام کیاگیاجبکہ جگہ جگہ رضاکار تنظیموں کی طرف سے لوگوں کیلئے مشروبات بھی دستیاب رکھی گئی تھیں۔ معراج العالم ﷺ کی اختتامی تقریب کے موقعہ پر آثار شریف حضرتبل میں لوگوں کا اژدھام اُمڈ آیا جس میں بچے ،بزرگ،خواتین اور بچے شامل تھے۔سٹی رپورٹر کے مطابق نماز جمعہ کے بعد موئے مقدسﷺ کی زیارت کی نشاندھی کی گئی تو لاکھوں ہاتھ فضا میں لہرائے اور اللہ اکبر کے نعروں سے حضرتبل کا پورا علاقہ گونج اٹھا جبکہ ماحول بھی معطر ہوا۔اس دوران دورود ازکار اور دعاؤں کی آوازیں بھی بلند ہوئی جبکہ رقعت آمیز مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔خواتین زائرین کی ایک بڑی تعداد بھی اس موقعہ پر موجود تھیں جو اس موقعہ پر خاص طور پر اشکبار آنکھوں اور سسکتے لبوں کے ساتھ توبہ استغفار کے کلمے بلند کر رہی تھیں۔ادھرہزاروں عاشقان رسول ﷺ نے درگاہ کے صحن میں نماز جمعہ ادا کی اور درود ازکار کی محفلوں میں شرکت کی۔ اس دوران پیر دستگیر صاحبؒ خانیار وسرائے بالا کی زیارت کو بھی سجایا سنوارا گیا ہے اور وہاں بھی چراغاں کیا گیا ہے جبکہ نماز جمعہ کے موقعے پر ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر علماء نے فلسفہ مہراج پر روشنی ڈالی۔سٹی رپوٹر کے مطابق تاریخی جامع مسجد سرینگر میں بھی ہزاروں لوگوں نے معراج العام ﷺ کی اختتامی تقریب کے موقعے پر شرکت کی اور نماز جمعہ ادا کی۔تاہم خانہ نظر بندی کے باعث میر واعظ عمر فاروق اس میں شرکت نہ کرسکے۔اس موقعہ پر علماء دین نے کہا کہ معراج النبی ﷺ کا عظیم الشان عملی واقعہ اور بے نظیر معجزہ دراصل انسانی فکر اور شعور کے انقلاب کا نام ہے ۔انہوں نے کہا کہ چنانچہ حضرت محسن انسانیت ﷺ کی معراج کے واقعہ سے ہی انسانی دنیا میں تحقیق، تفتیش، تلاش اور جستجو کی تڑپ پیدا ہوئی اور دور حاضر کا انسان چاند اور ستاروں پر کمندیں ڈالنے کا اہل بن سکا۔انہوں نے کہا کہ معراج کے اہم واقعہ میں بے پناہ عبرت اور نصیحت کیساتھ ساتھ دعوت و موعظت کے بھی بے شمار پہلو پنہاں ہیں جو ہر دور اور ہر زمانے میں اہل حق اور اہل فکر کیلئے مشعل راہ ہیں۔علماء نے کہا کہ معراج عالم ﷺ رسول رحمت ﷺ کا ایک عملی معجزہ ہے جسے تا قیا م قیامت یادگار کے طور پر منایا جاتا رہیگا اور فکر و نظر کے نئے نئے گوشے اس سے اجاگر ہوتے رہیں گے ۔اس موقعہ پر علماء نے کشمیری سماج کی ابتر صورتحال ، دین سے دوری ، اسلامی شعائر اور دین کی بنیادی تعلیمات سے ناواقفیت ، بے راہ روی ، ارتداد کے بڑھتے ہوئے منفی رحجانات اور دین کی آڑ میں بے دینی کو فروغ دینے کی منظم کوششوں پر فکر و تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے معاشرے کی ہمہ جہت اصلاح کیلئے باغیرت والدین ، اساتذہ ،معزز شہریوں اور سماج کے باشعور افراد سے تعاون طلب کیاتاکہ ہماری نئی نسل کا دینی اورتعلیمی مستقبل روشن اور درخشاں ہو اور ایک اسلامی و فلاحی معاشرہ وجود میں آسکے۔ ادھر آثار شریف پنجورہ شوپیان ، جناب صاحب صورہ،کھرم سرہامہ،خانقاہ فیض پناہ ترال، خانقاہ معلیٰ سرینگر، آثار شریف شہری کلاشپورہ کے علاوہ وادی کے دیگر اضلاع اور قصبہ جات جن میں پلوامہ ، کولگام ،سوپور، بانڈی پورہ ، اسلام آباد ، بارہمولہ اور کپوارہ شامل ہیں ،میں بھی خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔دریں اثناء کعبہ مرگ اننت ناگ میں معراج النبی ﷺکی اختتامی تقریب کے سلسلہ میں روح پرور مجالس کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد رسول پاک ﷺکے تبرکات کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔ معراج العام ﷺ کی اختتامی تقریب کے موقعہ پر منعقد کی گئی۔ تقریبات میں ائمہ مساجد نے تفصیل کے ساتھ فلسفہ معراج پر روشنی ڈالی جبکہ ان روح پرمجالس میں وادی میں امن و آشتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔
موسم کا مزاج پھر بدل گیا ،پیر پنچال کے آر پار میدانی علاقوں میں بارشیں ،بالائی علاقوں میں تازہ برفباری
سردی نے ایک بار پھر دستک دی ، آنے والے 24گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کاامکان،تودے گرآنے کی بھی وارننگ
سرینگر/20اپریل /سی این آئی وادی کشمیر میں غیر یقینی موسمی صورتحال کے بیچ جمعہ کو مسلسل پیر پنچال کے آر پار بعض بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا تازہ سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں وادی میں سردی کی لہر نے پھر دستک دی۔اسی دوران محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کے مطابق آنے والے 24گھنٹوں کے دوران وادی میں ہلکی برفباری اور بارشیں ہونے کے امکانات ہے۔ادھر بالائی علاقو ں میں تازہ برف باری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے نتیجے میں وادی بھر میں سردی کی شدید لہر دوڑ گئی ہے جس کے نتیجے میں لوگ ایک بار پھر گرم ملبوسات اور کانگڑیوں کا استعمال کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔کرنٹ نیوز آف انڈیا کے وادی کشمیر میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری موسم کی غیر یقینی صورتحال کے بیچ جمعہ کی اعلیٰ صبح سے وادی کے میدانی علاقوں میں تازہ بارشوں اور بعض بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کی وجہ سے سردی کی لہر نے پوری وادی کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے۔شمالی کشمیر کے ساتھ ساتھ جنوبی کشمیر کے پہاڑی علاقوں سے تازہ برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجہ کی بارشیں ریکارڈ کی گئی۔گلمرگ سے نمائندے نے اطلاع فراہم کی ہے کونگہ ڈوری ، کھلن مرگ اور افروٹ پہاڑیوں پر بھی تازہ برف باری ہوئی ہے۔جنوبی کشمیر میں پہلگام اور اس کے بالائی علاقوں ،امرناتھ گپھا،پنجترنی،مہاگنس ٹاپ،پسو ٹاپ،شیش ناگ اور ملحقہ علاقوں سے بھی تازہ برفباری کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔اس دوران سرینگر سمیت کئی قصبہ جات میں ہلکی سے درمیانہ جبکہ کچھ ایک جگہوں پر موسلا دھاربارشیں ہوئیں۔ اس پار پیر پنچال پہاڑی سلسلے کے ساتھ ساتھ بدھل راجوری ، گلبرگ، مہور، بھدرواہ،ڈوڈہ، مہو ،منگت،کشتواڑ، چھاترو، مڑوا، دچھن اور بنی کے علاوہ ویشنو دیوی مندر کی مضافاتی پہاڑیوں پر تازہ برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے بتایا کہ وادی میںآنے واے 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران بارشیں اور برفباری بھی ہوسکتی ہے۔محکمہ کے مطابق بالائی علاقوں میں تازہ برفباری اور میدانی علاقوں میں ہوئی بارشوں کے باعث دن میں سردی کی شدت میں اور رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔ادھر صوبائی انتظامیہ نے بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرآنے کی تازہ وارننگ جاری کرتے ہوئے لوگوں سے احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ہے۔ ادھر متواتر بارشوں کے نتیجے میں وادی کشمیر میں یکا یک موسمی مزاج تبدیل ہوا اور پوری وادی میں درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کرنے سے غیر معمولی ٹھنڈ محسوس کی جارہی ہے۔
Comments are closed.