دفعہ370کی منسوخی کے بعد ملک میں آئین ہند مکمل طور پر نافذ ہوگیا: وزیراعظم مودی
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز اتراکھنڈ کے دارالحکومت دہرادون میں عظیم سماجی رہنما ڈاکٹر بھیم راو ¿ امبیڈکر کی 135ویں یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ان کے نظریات کے مطابق سماجی انصاف کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم نے دہلی،دہرادون اکنامک کاریڈور کا افتتاح بھی کیا، جو 213 کلومیٹر طویل چھ لین پر مشتمل ایک اہم شاہراہ منصوبہ ہے، جس پر 12 ہزار کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔ یہ کاریڈور دہلی، اتر پردیش اور اتراکھنڈ سے گزرتا ہے اور اس کے مکمل ہونے سے دہلی سے دہرادون کا سفر جو پہلے چھ گھنٹے سے زائد تھا، اب تقریباً ڈھائی گھنٹے میں طے ہو سکے گا۔
اپنے خطاب میں نریندر مودی نے کہا”آج بابا صاحب امبیڈکر کی یومِ پیدائش بھی ہے، میں انہیں دل کی گہرائیوں سے خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ گزشتہ دس برسوں میں ہماری حکومت نے آئین کے وقار کو بحال کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔“انہوں نے آررٹیکل 370 کی منسوخی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے بعد اب ہندوستان کا آئین مکمل طور پر پورے ملک میں نافذ ہو چکا ہے، جبکہ ماونواز متاثرہ علاقوں میں بھی آئینی نظام مستحکم ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین ہند کے مطابق یونیفارم سول کوڈ کا نفاذ ضروری ہے اور اتراکھنڈ نے اس سمت میں پہل کر کے پورے ملک کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر نے اپنی پوری زندگی پسماندہ اور محروم طبقات کو سماجی انصاف دلانے کے لیے وقف کی، اور موجودہ حکومت بھی اسی مشن کو آگے بڑھا رہی ہے۔
Comments are closed.