شوپیان میں سیکورٹی فورسز نے طاقتور آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا دیا
سرینگر//8اپریل
جموں و کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بدھ کے روز سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑی دہشت گردانہ سازش کو ناکام بناتے ہوئے ایک طاقتور آئی ای ڈی کو بروقت ناکارہ بنا دیا، جس سے ایک ممکنہ بڑا سانحہ ٹل گیا۔
فوجی ذرائع کے مطابق یہ آئی ای ڈی جنوبی کشمیر کے علاقے زینہ پورہ،چترگام روڈ پر نصب کیا گیا تھا اور ابتدائی جانچ سے معلوم ہوا ہے کہ اس کا ہدف سیکیورٹی فورسز کی گاڑیاں تھیں۔حکام نے بتایا کہ صبح کے وقت معمول کی تلاشی اور سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں کو مشتبہ شے نظر آئی، جس کے بعد فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔مزید جانچ کے دوران اس شے کو ایک طاقتور آئی ای ڈی قرار دیا گیا، جسے ماہرین نے پیشہ ورانہ انداز میں ناکارہ بنا دیا۔ اس بروقت کارروائی سے ایک بڑا جانی نقصان ہونے سے بچ گیا
۔سیکیورٹی ایجنسیوں نے علاقے میں مزید تلاشی کارروائیاں بھی شروع کر دی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔حکام کے مطابق دہشت گرد عناصر وادی میں بدامنی پھیلانے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز کی چوکسی کے باعث ایسے منصوبے ناکام بنائے جا رہے ہیں۔
Comments are closed.