مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے بی جے پی ”پھوٹ ڈالو حکومت کرو “کی پالیسی ترک کریں /فاروق عبدا ﷲ

بھارت پاکستانی زیر انتظام کشمیر کو پاکستان سے نہیں چھین سکتا

سرینگر//17 مارچ// نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ نے واضح کردیا ہے کہ کشمیر مسئلے کو بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت پاکستانی زیر انتظام کشمیر کو نہیں چھین سکتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ بی جے پی کو یاد رکھنا چاہئے کہ ”پھوٹ ڈالو اور حکومت کرو “ پالیسی زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی ہے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق نئی دہلی میں نجی نیوز چینل کے کنکلیو میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲ نے کہاکہ کشمیر مسئلہ حقیقت ہے اور اس کو جھٹلایا نہیں جاسکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر چہ کشمیر بھارت کا حصہ ہے تاہم مسائل بھی موجود ہے جنہیں حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲ کے مطابق پاکستان اور بھارت کو تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہئے کیونکہ جنگ سے مسائل حل نہیں ہوسکتے ہیں بلکہ اس کیلئے بات چیت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ کشمیر مسئلے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲ نے کہاکہ اس کو صرف بات چیت کے ذریعے ہی حل کیاجاسکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر کشمیر کے مسئلے کو حل کرنا ہے تو بی جے پی کو چاہئے کہ وہ پہلے پھوٹ ڈالو حکومت کرو کی پالیسی ترک کرے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور اس طرح کا کشمیر بھارت کا حصہ ہے ۔ ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲ کے مطابق اگر بھارت کی مرکزی حکومت یہ خواب دیکھ رہی ہے کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کو بھارت میں ضم کیا جائے تو یہ حقیقت کو جھٹلانے کے مترادف ہے کیونکہ پاکستان اپنے حصے کے کشمیر کو کسی بھی صورت میں نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بھی اچھے لو گ موجود ہیں اگر چہ پاکستانی افواج نے بھارت کے تئیں سخت رویہ اپنایا ہے تاہم اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ پاکستان کا ہر شہری بھارت کا دشمن ہے۔

Comments are closed.