لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر نگرانی سخت، فوجی چوکسی میں نمایاں اضافہ

حالیہ دراندازی کی وارداتوں اور سرحد پار سے مشکوک نقل و حرکت میں اضافے کے بعد لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر فوج، سرحدی محافظ دستوں اور دیگر سکیورٹی ایجنسیوں نے چوکسی مزید سخت کر دی ہے۔ دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ پچھلے چند ہفتوں میں مختلف سیکٹروں میں سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا، جس کے تناظر میں اعلیٰ سطحی سکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سرحد کے آرپار موجود گروہوں کی طرف سے دراندازی کی کوششوں میں تیزی کو مدنظر رکھتے ہوئے گشت، نگرانی اور تکنیکی آلات کے استعمال میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔ فوجی حکام کے مطابق کئی علاقوں میں رات کے وقت خصوصی گشت میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشکوک نقل و حرکت کو بروقت روکا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید نگرانی کے آلات، جن میں ہائی ٹیک کیمرے، تھرمل امیجنگ ڈیوائسز اور موومنٹ سینسر شامل ہیں، کو حساس مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ دراندازی کی تازہ کوششوں کے بعد فوج نے متعدد سیکٹروں میں تلاش اور محاصرہ‘ کارروائیاں بھی انجام دی ہیں تاکہ ممکنہ دراندازوں کے راستوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایسے تمام راستوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے جن کا استعمال ماضی میں عسکریت پسندوں نے سرحد پار سے داخل ہونے کے لیے کیا تھا۔
بین الاقوامی سرحد کے ساتھ تعینات فورسز نے بھی اپنی موجودگی میں اضافہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ رات کے وقت روشنی کا انتظام بہتر کیا گیا ہے جبکہ باڑ کے قریب گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خصوصی کمانڈو دستوں کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور نمٹا جا سکے۔

حکام کے مطابق زمینی نگرانی کے ساتھ ساتھ فضائی پیٹرولنگ بھی بڑھا دی گئی ہے۔ ڈرون اور ہیلی کاپٹر نگرانی کے نظام کے ذریعے سرحدی علاقوں کا وسیع معائنہ کیا جا رہا ہے، جس سے خطرے کے مقامات کی نشاندہی میں آسانی ہو رہی ہے۔
سکیورٹی ایجنسیوں نے بتایا کہ دراندازی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر خفیہ نیٹ ورک کو بھی متحرک کیا گیا ہے اور مقامی سطح پر اطلاعات اکھٹی کرنے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک افراد یا سرگرمیوں کی فوری اطلاع قریبی پولیس یا فوجی کیمپ کو دیں۔

حکام نے واضح کیا کہ سرحدوں کی حفاظت کے لیے تمام فورسز مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور کسی بھی قسم کی دراندازی کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بڑھتی ہوئی چوکسی کا مقصد خطے میں امن و امان کو برقرار رکھنا اور کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت ناکام بنانا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں فوج نے دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کو واپس جانے پر مجبور کیا۔

Comments are closed.