وزیر داخلہ نے جموں و کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کا جامع جائزہ لیا
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتے کے روز جموں میں ایک نہایت اہم اور اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، انفراسٹرکچر کی توسیع اور حکومتی اسکیموں کی زمینی سطح تک رسائی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ یہ میٹنگ لوک بھون میں منعقد ہوئی، جس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیراعلیٰ عمر عبداللہ، مرکزی ہوم سیکریٹری گووند موہن، چیف سیکریٹری اتل ڈولو، ڈی جی پی نالین پربھات سمیت اعلیٰ سول و فوجی حکام شریک ہوئے۔
مرکزی وزیر داخلہ جمعرات کی شب جموں پہنچے تھے اور اپنے دو روزہ دورے کا آغاز جمعہ کے روز کٹھوعہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ واقع بی ایس ایف کی گرنام اور بوبیا فارورڈ پوسٹس کے دورے سے کیا۔ انہوں نے سرحدی چوکیوں پر تعینات بی ایس ایف اہلکاروں سے صورتِ حال کی تفصیلی جانکاری لی اور پاکستانی جانب سے دراندازی کی کوششوں پر سخت نگرانی رکھنے کی ہدایت دی۔
کٹھوعہ سے واپسی پر امیت شاہ نے ایک اہم سیکیورٹی جائزہ میٹنگ بھی کی، جس میں فوجی سربراہ جنرل اُوپیندرا دویدی بھی شامل تھے۔ اس میٹنگ میں کشمیر میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے، دراندازی کی روک تھام، اور جنگلاتی علاقوں میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کو مزید تیز کرنے پر زور دیا گیا۔
مرکزی وزیر داخلہ نے دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہونے والے جموں و کشمیر پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور انہیں سرکاری نوکریوں کے تقرری نامے حوالے کیے۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
Comments are closed.