امت شاہ کل سے تین روزہ دورے پر جموں و کشمیر پہنچیں گے:سنیل شرما
جموں و کشمیر اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر اور بی جے پی رہنما سنیل شرما نے بدھ کے روز کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کل سے تین روزہ دورے پر جموں و کشمیر پہنچ رہے ہیں، جس کے دوران وہ مختلف سرکاری و سیکورٹی نوعیت کے پروگراموں میں شرکت کریں گے۔
سنیل شرما کے مطابق وزیر داخلہ اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں جموں صوبے کے سرحدی علاقوں کا دورہ کریں گے، جہاں وہ موجودہ سیکورٹی صورتحال، دراندازی کے خدشات سے متعلق تفصیلی جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امت شاہ کے اس خصوصی دورے میں ’بارڈر مینجمنٹ اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال‘ کو خاص اہمیت حاصل ہوگی۔
اپوزیشن لیڈر نے بتایا کہ وزیر داخلہ کی مصروفیات میں اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگیں بھی شامل ہیں، جن میں فوج، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، جموں و کشمیر پولیس اور دیگر حساس ایجنسیوں کے اعلیٰ عہدیداران شریک ہوں گے۔
سنیل شرما نے مزید کہا کہ امت شاہ اپنے دورے کے دوران سری نگر میں بھی ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں وادی کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، جاری آپریشنز اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر غور ہوگا۔
شرما کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ کا دورہ نہ صرف سیکورٹی ایجنسیوں کے لیے حوصلہ افزا ہے بلکہ اس سے عام لوگوں میں بھی اعتماد بڑھے گا کہ حکومت ریاست میں قیام امن کے لیے ہر سطح پر فعال ہے۔
Comments are closed.