کشمیر میں اگلے تین دنوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے تین دنوں کے دوران موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 4 فروری سے 6 فروری کی شام تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے انہوں نے کہا کہ بعد میں 7 فروری کو موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ وادی میں 9 اور 10 فروری کو کچھ علاقوں میں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد 11 اور 12 فروری کو موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں ٹرانسپورٹروں اور مسافروں سے کہا ہے کہ وہ سڑکوں اور شاہراہوں کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کے لئے متعلقہ ٹریفک یونٹوں کی طرف رجور کریں اور انتظامیہ کی ایڈوائزری پر عمل کریں۔

پہاڑی علاقوں کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں برفانی تودے رہنے کے خطرات رہتے ہیں۔

دریں اثنا وادی کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت 1 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ صوبہ جموں کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت 0 سے 1 ڈگری سینٹی گریڈ تک معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔

وادی میں مشہور سیاحتی مقام گلمرگ سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ صوبہ جموں میں بھدرواہ سرد ترین جگہ رہی ہے جہاں شبانہ درجہ حرارت 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Comments are closed.