بنیادی اور لازمی خدمات کی بحالی جنگی بنیادوں پر کی جائے: فاروق عبداللہ
نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وادی بھر میں جاری برف باری اور بارشوں کو اللہ تعالیٰ کی رحمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نعمت پر شکر ادا کرنا چاہئے، تاہم اس کے نتیجے میں عوام کو درپیش مشکلات کا بروقت ازالہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں بارش اور برف باری زراعت، آب پاشی اور قدرتی ماحول کیلئے باعثِ رحمت ہیں، وہیں بنیادی سہولیات میں خلل کے باعث شہریوں کو جن مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ان کا فوری حل انتہائی ضروری ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے انتظامیہ کی جانب سے بجلی اور پینے کے پانی کی سپلائی بحال کرنے، مرکزی شاہراہوں کو آمدورفت کے قابل بنانے اور ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم انہوں نے زور دیا کہ دور دراز، پہاڑی اور پسماندہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کو جنگی بنیادوں پر تیز کیا جائے تاکہ وہاں کے شہری مزید مشکلات سے محفوظ رہ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی اور لازمی خدمات کی بحالی کو محض شہروں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ پہاڑی بستیوں اور گاؤں کی جانب بھی خصوصی توجہ دی جائے جہاں لوگ شدید موسم کے باعث اکثر تنہا اور بے یار و مددگار رہ جاتے ہیں۔
انہوں نے متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا کہ اندرونی سڑکوں اور رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کی رفتار میں اضافہ کیا جائے تاکہ مریضوں، طلبا اور عام لوگوں کی آمدورفت میں رکاوٹیں دور ہوں۔ انہوں نے گذشتہ شب تیز ہواؤں سے ہونے والے نقصانات کا فوری تخمینہ لگانے اور متاثرہ خاندانوں کو بلا تاخیر مالی امداد فراہم کرنے پر بھی زور دیا تاکہ وہ جلد از جلد معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنی پارٹی کے ضلع صدور، ارکانِ اسمبلی اور دیگر عہدیداروں سے ٹیلی فون پر بات کرکے موجودہ صورتحال، عوامی مشکلات اور انتظامیہ کے بحالی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے پارٹی سے وابستہ تمام عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ذاتی نگرانی کے ساتھ بحالی کاموں کی رفتار بڑھائیں، عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل فوری طور پر متعلقہ حکام تک پہنچائیں۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے وقت سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کرنا ہر نمائندے اور ہر ادارے کی ذمہ داری ہے اور نیشنل کانفرنس اس عمل میں ہمیشہ صفِ اوّل میں رہے گی۔
Comments are closed.