اپوزیشن کا سخت حملہ برقرار، راجیہ سبھا کی کارروائی ملتوی
نئی دہلی:کانگریس کے ستیہ ورت چترویدی کے ایک بیان سے ناراض راجیہ سبھا کے چے ئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے آج ایوان کی کارروائی ڈھائی بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔ جس سے مسلسل دسویں دن بھی ایوان میں وقفہ صفر اور وقفہ سوال نہیں ہوسکا۔
اپوزیشن اراکین سرکاری سیکٹر کے بینکوں میں گھپلہ، کاویری مینجمنٹ بورڈ کی تشکیل اور آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے جیسے معاملات پر بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے کے پہلے دن پانچ مارچ سے ہی ہنگامہ کررہے ہیں۔ اس کی وجہ سے ایوان میں گذشتہ نو دنوں سے کوئی کام کاج نہیں ہوسکا ہے ۔
مسٹر نائیڈو نے قانونی دستاویزات ایوان کی میز پر رکھے جانے کے بعدکہا کہ ہنگامہ کی وجہ سے گذشتہ نو دنوں سے ایوان میں کوئی کام کاج نہیں ہوسکا ہے اور وہ اس سے انہیں کافی تکلیف ہے ۔
اراکین ایوان میں آتے ہیں، ملاقات کرتے ہیں لیکن کوئی کام کاج نہیں ہورہا ہے ۔ ملک کے لوگ اس بات کو دیکھ رہے ہیں اور اس سے ناراض ہیں۔مسٹر نائیڈو نے کہا کہ انہیں بینکوں میں بے ضابطگی ، آندھرا پردیس، کاویری ندی پانی اور سیلنگ جیسے امور پر بحث کے لئے نوٹس موصول ہوئے ہیں جنہیں تسلیم کیا گیا ہے ۔
کم وقفے کی بحث ، وقفہ سوالات اور وقفہ صفر کے معاملات بھی تسلیم کئے جاتے ہیں لیکن ہنگامہ کی وجہ سے ان پر بحث نہیں ہوپارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایوان معاملے پر بحث کرنے کا فورم ہے یہاں کوئی چیز اپنے طریقے سے تھوپی نہیں جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ وہ صرف پنجاب نیشنل بینک معاملے ہی نہیں ہر بینک کی بے ضابطگی پر بحث کرانے کے لئے تیار ہیں۔چے ئرمین نے کہا کہ وہ ایک بار پھر اراکین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایوان کی کارروائی چلنے دیں اور انہیں سخت موقف اپنانے کے لئے مجبور نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ آپ معاملات کو نعرے بازی یا پوسٹر دکھاکر زبردستی نہیں کرسکتے ۔ مختلف پارٹیوں کے اراکین آکر چیمبر میں ان سے معاملات پر بحث کرانے کی درخواست کرتے ہیں اور چے ئرمین کے لئے تمام اراکین برابر ہیں خواہ وہ حزب اقتدار کے ہوں یا اپوزیشن کے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ کم سے کم اگلے ہفتے سے اراکین ایوان میں تمام امور پر پرامن طریقے سے مثبت بحث کریں گے ۔
اس پر کانگریس کے مسٹر چترویدی نے کہا کہ وہ چے ئرمین کے تمام باتوں سے متفق ہیں اور چاہتے ہیں کہ ہر موضوع پر بحث ہو لیکن وہ یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا ایسا پہلی مرتبہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پہلے بھی ایوان میں کئی دنوں تک ہنگامہ کی وجہ سے کوئی کام کاج نہیں ہوا ہے ۔
اس پر مسٹر نائیڈو مشتعل ہوگئے اور انہوں نے کہا کہ آپ چاہتے ہیں کہ اگر پہلے کوئی غلط کام ہوا ہے تو اس غلطی کو دہرایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ یہی چاہتے ہیں تو ٹھیک ہے اور مسٹر چترویدی کی بات ختم ہونے سے پہلے ہی انہوں نے ایوان کی کارروائی ڈھائی بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔یواین آئی
Comments are closed.