حسیب درابو کی کابینہ سے برطرفی پی ڈی پی کا اندرونی معاملہ: بی جے پی

جموں:: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ ڈاکٹر حسیب احمد درابو کی ریاستی کابینہ سے برطرفی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کا اندرونی معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا معاملہ پر کچھ بھی کہنا نہیں ہے۔ ڈاکٹر نرمل سنگھ جو کہ ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ہیں، نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو یہاں دریائے توی کے کنارے تعمیر کئے گئے ’مہاراجہ ہری سنگھ پاک‘ کی افتتاحی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ جب ایک نامہ نگار نے ڈاکٹر سنگھ سے پوچھا کہ ’کیا بی جے پی قیادت نے واقعی ڈاکٹر درابو کی برطرفی پر ناراضگی ظاہر کی ہے‘ تو ان کا جواب تھا ’اس قسم کی خبریں اخبارات میں پڑھنے کو ملی ہیں۔ مجھے ڈاکٹر درابو کی برطرفی پر بی جے پی کی طرف سے ناراضگی کے اظہار کے بارے کوئی علمیت نہیں ہے۔ یہ پی ڈی پی کا اندرونی معاملہ ہے۔ اس پر ہم کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں‘۔

واضح رہے کہ پی ڈی پی سینئر لیڈر اور معروف ماہر معاشیات ڈاکٹر درابو کو 11 مارچ کو وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کشمیر سے متعلق ایک بیان کی وجہ سے اپنی کابینہ سے برطرف کیا۔ ان کے پاس خزانہ، محنت اور روزگار جیسی اہم وزارتوں کے قلمدان تھے۔

ڈاکٹر درابو نے گذشتہ ہفتے قومی راجدھانی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں کہا تھا کہ کشمیر ’سیاسی‘ نہیں بلکہ ’سماجی‘ مسئلہ ہے۔ اس بیان کا وزیر اعلیٰ محترمہ مفتی جو کہ پی ڈی پی صدر بھی ہیں، نے سخت نوٹس لیا تھا۔ دریں اثنا جموں شہر میں ’مہاراجہ ہری سنگھ پاک‘ کا افتتاح اور پارک میں موجود ہری سنگھ کے مجسمے کی نقاب کشائی وزیر اعلیٰ محترمہ مفتی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔

اس موقع پر محترمہ مفتی نے نامہ نگاروں کے ساتھ اپنی مختصر بات چیت میں کہا کہ جموں شہر میں ایسے مزید پارک تعمیر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ’مہاراجہ ہری سنگھ جی کے نام پر یہ جو پارک بنا ہے، بہت خوبصورت ہے۔ جموں میں ہمیں مزید ایسی جگہوں کی ضرورت ہے جہاں لوگوں فرصت کے لمحات گذار سکیں اور بچے کھیل سکیں۔ میں اس پارک کو تعمیر کرنے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کرنا چاہتی ہوں‘۔

ڈاکٹر نرمل سنگھ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پارک کی تعمیر جموں کے لئے ایک تحفہ ہے۔ ان کا کہنا تھا ’مہاراجہ ہری سنگھ پارک کا آج افتتاح ہوا ہے۔ اس خوبصورت پارک کے اندر موجود مہاراجہ جی کے ایک بڑے اور خوبصورت مجسمے کی نقاب کشائی عمل میں آئی۔ یہ جموں کے لئے ایک بہت بڑا تحفہ ہے۔ اس پارک کے اندر ایک لائبریری اور ریسٹورنٹ بھی بنایا گیا ہے۔ یہ پارک شہر میں ایک نمونہ ہے‘۔ یو این آئی

Comments are closed.