کٹھوعہ میں تلاشی آپریشن کا دائرہ وسیع، ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی
جموں،14جنوری
جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں سیکورٹی فورسز نے مشتبہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد سرچ آپریشن کو مزید توسیع دے دی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک درجن سے زائد دیہی علاقوں کو محاصرے میں لے کر ممکنہ فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی اطلاع پر فورسز نے نجوٹہ کے گھنے اور دشوار گزار جنگل میں تلاشی مہم شروع کی تھی، لیکن مشتبہ دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ بعد ازاں انٹیلی جنس نے اطلاع دی کہ وہ رات گئے قریبی علاقے میں ایک چرواہے سے کھانا لے کر اندرونی جنگل کی طرف روانہ ہوئے۔
آپریشن کے دائرے کو بڑھاتے ہوئے فوج، جموں و کشمیر پولیس اور اسپیشل آپریشنز گروپ نے علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی ہے اور نجوٹہ کے ساتھ بلاور تحصیل کے بارہ سے زائد دیہات کو بھی گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ جنگلات میں جاںچ کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات ہیں اور ہر مشتبہ نقل و حرکت کی باریک بینی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔
ادھر ضلع کے راج باغ علاقے میں بھی اس وقت تلاشی آپریشن شروع کیا گیا جب ایک مقامی شخص نے اپنے مویشی شیڈ کے قریب دو مشتبہ افراد کو دیکھنے کی اطلاع دی۔
یوم جمہوریہ سے قبل جموں خطے میں مجموعی طور پر سیکورٹی ہائی الرٹ پر ہے۔ گزشتہ چند روز میں سرحد پار سے ڈرون سرگرمیوں میں اضافہ فورسز کے لیے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے، جس کے بعد حساس مقامات پر رات کی گشت، ناکوں کی تعداد اور میری ٹائم نگرانی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
Comments are closed.