کیجریوال معافی نامہ: پنجاب عام آدمی پارٹی کے صدر بھگونت سنگھ مان نے عہدہ سے استعفی دیا

چنڈی گڑھ:: عام آدمی پارٹی (آپ) کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے شرومنی اکالی دل کے لیڈر وکرم سنگھ مجیٹھا کو ہتک عزت کے مقدمہ میں معافی نامہ دینے سے آپ کی پنجاب یونٹ میں ہنگامہ برپا ہوگیا ہے اور آج پارٹی کے پنجاب یونٹ کے صدر اور سنگرور سے لوک سبھا رکن بھگونت سنگھ مان نے اپنے عہدہ سے استعفی دے دیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ فیس بک پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ان کی لڑائی منشیات کے مافیا اور بدعنوانی سے جاری رہے گی۔

انہوں نے یہ استعفی مسٹر کیجریوال کے اکالی لیڈر وکرم سنگھ مجیٹھا سے منشیات کے معاملے میں عائد الزامات کے سلسلے میں معافی مانگنے کے خلاف بطور احتجاج دیا ہے۔ پنجاب یونٹ میں اس بات پر کافی ناراضگی ہے کہ مسٹر کیجریوال نے یہاں کے پارٹی لیڈروں کو اس معاملے پر اعتماد میں نہیں لیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران مسٹر کیجریوال نے مسٹر مجیٹھا پر منشیات کا کاروبار میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا۔ اس کے بعد مسٹر مجیٹھا نے امرت سر کی عدالت میں مسٹر کیجریوال کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا تھا۔یو این آئی

Comments are closed.