مسافر کرایہ میں تا حال کوئی اضافہ نہیں ہوا ، تجویز حکومت کے زیر غور / آر ٹی او کشمیر

سرینگر /06جنوری / ٹی آئی نیوز

مسافر کرایہ میں تا حال کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے کی بات کرتے ہوئے ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر قاضی عرفان نے کہا کہ کرایوں میں ممکنہ تبدیلی صرف حکومت کی باضابطہ منظوری کے بعد ہی نافذ العمل ہوگی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے آر ٹی او کشمیر قاضی عرفان نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کمشنر نے کشمیر اور جموں صوبوں کے ٹرانسپورٹر اداروں کے ساتھ مشاورت کی تھی۔ ان مذاکرات کے دوران بس کرایوں میں ایک مخصوص شرح سے اضافے کی تجویز تیار کی گئی، جسے کرایہ تعین کمیٹی کے پاس بھیجا گیا۔ کمیٹی نے اس تجویز کو مزید غور و خوض کے لیے حکومت کو ارسال کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا”یہ تجویز اس وقت حکومت کے پاس زیرِ غور ہے۔ آج تک کسی بھی قسم کے ٹرانسپورٹ کرایے میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔ اب فیصلہ حکومت کو کرنا ہے اور منظوری کے بعد ہی نظرِ ثانی شدہ کرایوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا“۔

سرینگر شہر میں ٹریفک جام کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے آر ٹی او نے کہا کہ سڑکوں پر دباو¿ کم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ای رکشاو¿ں کی بڑی شاہراہوں پر آمد و رفت محدود کرنے جیسے اقدامات پہلے ہی عمل میں لائے جا چکے ہیں، جو ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کی وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہیں۔

Comments are closed.