حاجن میں جنگجو مخالف آپریشن ،فورسز کو عوامی مزاحمت کا سامنا

سرینگر :شمالی ضلع بانڈی پورہ کے قصبہ حاجن میں جمعہ کی علی الصبح اُس وقت تشدد بھڑک اٹھا جب یہاں فوج وفورسز نے جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج وفورسز نے ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پر کھوسہ محلہ حاجن کا محاصرہ کیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 13آر آر ،45بٹالین سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے جمعہ کی علی الصبح قریب3بجے کھوسہ محلہ حاجن کا محاصرہ کیا ۔ذرائع نے بتایا کہ فوج وفورسزکو ایک خفیہ اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں دو سے تین جنگجو موجود ہے اور جب یہاں فورسز نے تلاشی کارروائی شروع کی ،تو جنگجوﺅں اور فوج وفورسز کے درمیان آمنا سامنا ہوا۔

ذرائع نے بتایا کہ اس دوران جنگجوﺅں نے فورسز پر فائرنگ کی ،جوابی کارروائی میں بھی فورسز نے گولیاں چلائیں ۔طرفین کے مابین کچھ دیر کےلئے گولیوں کا تبادلہ ہوا جس دوران جنگجو محاصرہ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔

تفصیلات کے مطابق ساڑھے7بجے جب فورسز نے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن ختم کردیا ،تو نوجوانوں کی ٹولیاں سڑکوں پر نکل آئیں ،جس دوران انہوں نے فورسز پر خشت باری کی ،جوابی کارروائی میں فورسز نے مشتعل مظاہرین کو تتر بتر کرنے کےلئے ٹیر گیس شلنگ کی ۔

Comments are closed.