کٹھوعہ میں وی پی این پر 2 ماہ کیلئے پابندی عائد ،حکمنامہ جاری

سرینگر /25دسمبر / ٹی آئی نیوز

قومی سلامتی کے خدشات کے چلتے جموں کے کھٹوعہ ضلع میں حکام نے وی پی این کے استعما ل پر دو ماہ کی پابندی عائد کردی ہے ۔

ضلع مجسٹریٹ راجیش شرما کے ذریعہ جاری کردہ حکم میں کہا گیا ہے کہ سائبر پابندیوں کو نظرانداز کرنے اور ممنوعہ ایپلی کیشنز، ویب سائٹس اور ڈیجیٹل مواد تک رسائی کے لیے بعض افراد اور گروپس کے ذریعے وی پی این خدمات کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی شہری تحفظ سنہتا (بی این ایس ایس)، 2023 کی دفعہ 163 کے تحت احتیاطی کارروائی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پابندی ضلع کٹھوعہ کے علاقائی دائرہ اختیار میں کام کرنے والے تمام افراد، اداروں، سائبر کیفے اور انٹرنیٹ سروس فراہم کنندگان پر لاگو ہوتی ہے، سوائے ان لوگوں کے جنہیں حکومت نے ایک مخصوص سرکاری حکم کے ذریعے واضح طور پر اجازت دی ہے۔

کٹھوعہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس حکم کی سختی سے عمل آوری کو یقینی بنائیں۔حکم نامے میں کہا گیا کہ ہدایت کی کسی بھی خلاف ورزی پر قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ حکم 24 دسمبر سے فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

Comments are closed.