انٹر نیٹ سہولیات اور پری پیڈ موبائیل فونوں پر تیسرے دن بھی پابندی جاری بانہال بارہمولہ ریل سروس معطل ،مسافر اور صارفین پریشان

سرینگر /30مئی// کشمیر وادی میں انٹر نیٹ سہولیات اور ریل سروس تیسرے دن بھی معطل رہی مسافروں اور انٹر نیٹ صارفین کو کافی دشواریوں کا سامنا کرناپڑ ا ۔ پری پیڈ موبائیل فونوں پر پابندی نے سینکڑوں کی تعداد میں صارفین کو ذہنی پریشانیوں میں مبتلا کر دیا ہے ۔اے پی آئی نمائندے کے مطابق وادی کشمیر میں حزب کمانڈر سبزار احمد بٹ اور اس کے ساتھی فیضان مظفر کے جاں بحق ہونے کے فوری بعد ریاستی حکومت نے سوشل میڈیا ،انٹر نیٹ اور پری پیڈ موبائیل فونوں پر پابندی عائد کر دی جس کی وجہ سے وادی کے اطراف و اکناف میں لوگوں کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرناپڑا ۔ پری پیڈ سم کارڈوں پر پابندی عائد کردینے سے لوگوں کو مواصلاتی رابطہ قائم کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، اگر چہ سرکار نے جزوی طور پر پری پیڈ موبائیل فونوں کو بحال کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم پوری وادی میں پرائیویٹ مواصلاتی کمپنیوں کی جانب سے اجراء کئے گئے سم کارڈوں پر پابندی عائد کر کے ان کے صارفین کو ذہنی پریشانیوں میں مبتلا کر دیا گیا ۔ نمائندے کے مطابق وادی میں انٹر نیٹ سہولیات پر بھی پابندی عائد کرنے سے صارفین کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرناپڑ ا جبکہ بینکوں ،پیٹرول پمپوں ،اخباری دفتروںکے کا م کاج بھی انٹر نیٹ کی عد م دستیابی کی وجہ سے متاثر ہوئے ۔ادھر نامساعد حالات کے پیش نظر تیسرے دن بھی بانہال بارہمولہ ریل سروس معطل رہی جس کی وجہ سے ریل سفر کرنے والے سینکڑوں مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرناپڑ ا ۔ ریلوے حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ مسافروں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے بارہمولہ بانہال ریل سروس معطل کی گئی ،حالات میں بہتری ہونے کے ساتھ ہی ریل سروس کو دوبارہ بحا ل کیا جائیگا ۔

Comments are closed.