18مئی کو نہ تو بھارت کی جیت اور نہ ہی پاکستان کی ہار ہوئی ہے شنوائی ہو گی تو پاکستان کی جیت یقینی ہے /اٹارنی جنرل

سرینگر /30مئی/ 18مئی کو انٹر نیشنل کورٹ آف جسٹس کے فیصلے کو نہ تو بھارت کی جیت اور نہ ہی پاکستان کی ہار مانتے ہوئے اٹارنی جنرل اور وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ جونہی انٹر نیشنل کورٹ آف جسٹس میں دوبارہ بھارتی شہری کی شنوائی ہو گی جیت پاکستان کی ہو گی ۔ بھارتی شہری نے دہشت گردی کے کئی واقعات کی جانکاری فراہم کرنے کے علاوہ حساس معاملات میں بھی اطلاعات فراہم کی جنہیں انٹر نیشنل کورٹ آف جسٹس کے سامنے رکھا جائیگا ۔ اے پی آئی کے مطابق بھارتی شہری کلبھوشن کے بارے میں ٹھوس ثبو ت موجود ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ بھارتی شہری جاسوس اور دہشت گرد ہے اور فوجی عدالت کی جانب سے اسے جو سزا ملی ہے وہ پاکستانی آئین کے مطابق ہے ۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ گرفتاری کے بعد بھارتی شہری نے دہشت گردانہ حملوںکے بارے میں کئی اطلاعات فراہم کی اور حساس معاملات کے بارے میں بھی جانکاری دی جن کومنظر عام پر حفاظتی اقدامات کی وجہ سے نہیں لایا جا سکتا ہے ۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی شہری کلبھوشن کو جاسوس اور دہشت گرد قرار دلانے کیلئے پاکستان کے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں ۔ ادھر پاکستانی اٹارنی جنرل اشتار اوساف نے بھی اس با ت کی تصدیق کی کہ بھارتی شہری کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہے اور 18مئی کو انٹر نیشنل کورٹ آف جسٹس نے جو فیصلہ سنا دیا ہے اسے نہ تو بھارت کی جیت اور نہ ہی پاکستان کی ہار ہوئی ہے ۔ کورٹ نے بھارتی شہری کے سزائے موت کے فیصلے کو رکوانے کو کہا ہے اسے تبدیل نہیں کیا ہے ۔ انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں پاکستانی قانونی ماہرین میں تبدیلی لانے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے اٹارنی جنرل نے کہا کہ کسی کو بھی ٹیم سے ڈراپ نہیں کیاجا رہا ہے بلکہ اس میں توسیع کی جا رہی ہے ۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ جس دن انٹر نیشنل کورٹ آف جسٹس میں شنوائی دوبارہ شروع ہو گی جیت پاکستان کی ہو گی ۔

Comments are closed.