لاپتہ افراد کی تنظیم اے پی ڈی پی کا احتجاجی دھرنا

سرینگر:گمشدہ افراد کے لاحقین کی تنظیم( اے پی ڈی پی ) نے ماہانہ احتجاجی مظاہروںکا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ہفتہ کو پرتاپ پارک سرینگر میں خاموش احتجاجی دھرنا دیا ۔ لاپتہ افراد کے لواحقین اور عزیز و اقارب نے اپنے پیاروں کی بازیابی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ جب تک اُنکے لخت جگروں کی باز یابی کے حوالے سے موثر اقدامات نہیں اٹھائے جاتے ،تب تک احتجاجی جدوجہد جاری رہے گی ۔

سٹی رپورٹر کے مطابق ہفتہ کی صبح وادی کے اطراف و اکناف سے تعلق رکھنے والے درجنوں مردوزن پرتاب پارک سرینگر میں جمع ہوئے ،جہاں انہوں نے پروینہ آہنگر کی سر براہی والی ”اے پی ڈی پی“ کے بینر تلے اپنے عزیز و اقارب اور لخت جگروں کی بازیابی کے حق میں خاموش احتجاجی دھرنا دیا۔

احتجاجی مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر ” ہمیں انصاف دو، لاپتہ افراد کو بازیاب کرو کے نعرے درج تھے ،جبکہ بیشتر پلے کارڈوں اور بینروں پر ان نوجوانوں کی تصویریں چسپاں تھیں جو گزشتہ تین دہا ئیوںکے دوران فورسز کے ذریعے ”دوران حراست“ لاپتہ کرد ئے گئے ہیں۔

اس موقع پر گمشدہ افراد کے اقرباءنے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں جبری طور لاپتہ کئے گئے افراد کی بازیابی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔احتجاجی دھرنے کے دوران وہاں اسوقت رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے جب اپنے لخت جگروں کی باز یابی کرنے کا مطالبہ کر رہی کئی خواتین کی آنکھیں نم ہوئیں اور معصوم بچوں کے چہرے اداسی اور بے بسی کی تصویر پیش کر رہے تھے۔

اس موقع پر اے پی ڈی پی کی سربراہ پروینہ آہنگر نے کہا ’یہ روز ِ روشن کی طرح کی عیاں کہ ہمارے لخت جگروں کو ہماری آنکھوں کے سامنے فورسز نے اٹھایا اور غائب کردیا ،برسوں بیت گئے لیکن ہمارے جگر گوشوں کا کہیں کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ‘۔

Comments are closed.