موسم سرما کی چھٹیاں ختم، جنوبی کشمیر کو چھوڑ کروادی بھر میں تعلیمی ادارے کھل گئے
سرینگر :جنوبی کشمیر میں تعلیمی ادارے مقفل رہنے کے بیچ وادی بھر میں ہفتہ کو تین ماہ کی سرمائی تعطیلات کے بعد سرکاری اور غیر سرکاری تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ۔یاد رہے کہ وادی میں پانچ مارچ کو تعلیمی ادارے کھلنے تھے ،تاہم پہنو شاپیان مین شہری ہلاکتوں کے سبب پیدا شدہ غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے سرکار نے سرمائی تعطیلات میں اضافہ کردیا ۔
وادی اور خطہ جموں کے سرمائی زون کے سرکاری وغیر سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات ختم ہو گئیں اور تمام تعلیمی ادارے کھل گئے۔تاہم جنوبی کشمیر کے تمام چار اضلاع شوپیان ،پلوامہ ،اننت ناگ اور کولگام میں سیکورٹی وجوہات اور شہری ہلاکتوں کے خلاف ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر ہفتہ کو تمام سرکاری اور غیر سرکاری تعلیمی ادارے بند رہے ۔تاہم 12مارچ سے جنوبی کشمیر میں دوبارہ تعلیمی ادارے کھل جائیں گے ۔
وادی بھر کے تمام تعلیمی ادارے سے معمول کے مطابق کھل گئے ۔پرائمری سطح سے لیکر ہائر اسکینڈری تک تمام سرکاری وغیر سرکاری تعلیمی اداروں میں درس وتدریس کا عمل شروع ہوا۔ اسکول یونیفارم پہنے بچوں نے اسکول کی چھٹیاں ختم ہونے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ایک طالب علم نے بتایا ’ تین ماہ کی سرمائی تعطیلات کے بعد اسکول جانا باعث مسرت ہے ،مجھے اِس دن کا بے صبری سے انتظار تھا‘۔
تعلیمی ادارے کے دوبارہ کھلنے کے ساتھ ہفتہ کی صبح سے سڑکوں پر ٹریفک جام کے مناظر بھی دیکھنے کو ملے ،تاہم ٹریفک حکام نے بے ہنگم ٹریفک نظام کو صحیح سمت دےنے کےلئے خاص پلان مرتب کیا تھا ،جس کے تحت اضافی اہلکاروں کی حساس چوہراہوں پر تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی ۔
یاد رہے کہ تین ماہ کی سرمائی تعطیلات کے مطابق 5مارچ کو تعلیمی ادارے کھلنے تھے ،تاہم پہنو شوپیان میں اتوار کی شب فائرنگ کے ایک واقعے میں دو جنگجو ﺅں اور چار عام شہریوں کی ہلاکت کے نتیجے میں وادی بھر میں تازہ احتجاجی لہر دوڑ گئی اور غیر یقینی صورتحال پیدا ہونے کے بعد سرکار نے سرمائی تعطیلات میں اضافہ کردیا ۔
Comments are closed.