سکمز کی وضاحت: سفارش پر علاج نہیں، ہر مریض برابر
سری نگر ،26نومبر
شیرِ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ نے بدھ کے روز ایک حالیہ انتظامی حکم نامے کو غلط طور پر پیش کیے جانے پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ کسی بھی مریض کو ‘وی آئی پی یا ترجیحی’ بنیادوں پر علاج فراہم نہیں کرتا اور علاج کا واحد معیار صرف اور صرف طبی ضرورت ہے ۔
جاری کردہ بیان کے مطابق ادارے نے واضح کیا کہ تمام مریض برابر ہیں اور ہنگامی ضرورت کے مطابق ہی ٹرائیج اور اسٹیریم لائننگ کی جاتی ہے ۔ کسی بھی مرحلے پر علاج کسی سفارش یا ترجیح کی بنیاد پر فراہم نہیں کیا جاتا۔ ہماری اوّلین ترجیح وہ مریض ہوتے ہیں جنہیں فوری طبی سہولت درکار ہو۔ سکمزنے وضاحت کی کہ جس حکم نامے کو غلط تاثر دیا گیا ہے وہ دراصل حال ہی میں قائم کی گئی میڈیکل سوشل ویلفیئر سیل سے متعلق ہے ، جس کا مقصد ضرورت مند اور مالی طور پر کمزور مریضوں کی بہتر معاونت ہے ۔
اس سیل کے نوڈل آفیسرس کا کام چیف منسٹر کینسر علاج اسکیم جیسے پروگراموں سے مستفید ہونے کے طریقہ کار میں غریب مریضوں کی رہنمائی اور سہولت کاری ہے ۔ ادارے نے کہا کہ اکثر غریب اور مجبور مریض رہبرانہ مشورے یا اسکیموں سے متعلق رہنمائی کیلئے راج بھون، چیف منسٹر آفس یا دیگر سرکاری دفاتر سے رجوع کرتے ہیں، اور یہ ہدایت اسی عمل کو ‘منظم اور م¶ثر’ بنانے کیلئے جاری کی گئی تھی تاکہ ایسے کیس درست سماجی بہبود چینل کے ذریعے تیزی سے نمٹ سکیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ عوامی حلقوں میں گردش کرنے والے خدشات غلط فہمی یا مبالغہ آرائی کا نتیجہ معلوم ہوتے ہیں۔سکمز نے کہا کہ ادارہ منصفانہ طبی خدمات، اخلاقی اصولوں اور شفافیت پر ہمیشہ قائم رہا ہے ۔ بیان کے آخر میں کہا گیا ‘صحت کے اداروں پر عوامی اعتماد سب سے اہم ہے ، اور ذمہ دارانہ بحث اسی اعتماد کو مضبوط بناتی ہے ۔ سکمزبغیر کسی خوف یا رعایت کے تمام مریضوں کیلئے بہترین خدمات کی فراہمی جاری رکھے گا’۔
Comments are closed.