کشمیر ،کشمیر ی اور کشمیریت سبھی بھارتی ہیں این ڈی اے کا تین سالہ دور کامیابیوں سے پُر/راج ناتھ

سرینگر /30مئی/ بھارتیہ جنتا پارٹی کے تین سالہ دورِ اقتدار کو کامیاب قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے اپنے اس موقف کو پھر دہرایا کہ کشمیر ،کشمیری اور کشمیریت سبھی بھارتی ہیں اور ریاست میں حالات جلد ہی پٹری پر لوٹ آئیں گے ۔ بات چیت کو شروع کرنے کیلئے ماحول کو سازگار بنانے کی تلقین کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تشدد کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے اور بھارت کسی بھی چلینج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ اے پی آئی کے مطابق دہرا دھون یونیورسٹی میں منعقد کی گئی ایک تقریب پر تقریر کرتے ہوئے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے مرکز میں این ڈی اے حکومت کے تین سالہ دورِ اقتدار کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ رشوت خوری کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے ، شفافیت کو قائم کرنے اور ملک میں مضبوط مستحکم معیشت قائم کرنے کیلئے کام کیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر میں حالات اگر چہ نامساعد ہیں تاہم تینوں صوبوں میں حالات خراب نہیں ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وادی کے چند اضلا ع میں کشیدگی ،تناؤ کی صورتحال ہے اور اس سے بہتر بنانے کیلئے مناسب اقدامات اٹھا ئے گئے ہیں ،ہم امید کرتے ہیں کہ ریاست خاصکر وادی کشمیر میں حالات بہتر ہونے کے بعد تمام اسٹیک ہولڈروں کے ساتھ بات چیت شروع کی جائے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیر ،کشمیری اور کشمیریت سبھی بھارتی ہے اور کشمیر کو نہ تو بھارت سے کوئی علیحدہ کر سکتا ہے اور نہ ہی بھارت کشمیر سے علیحدہ ہو گا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہم اپنے اردگرد کے حالات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں ۔

Comments are closed.