کشتواڑ میں نامعلوم بندوق برداروں کی فائرنگ سے ایک ہلاک

سرینگر:کشتواڑ میں اسلامیہ اسکول کے نزدیک نامعلوم بندوق برداروں نے ایک شخص پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اُس کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی ۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔

کشتواڑ کے اسلامیہ فریدیا اسکول کے نزدیک اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب نامعلوم مسلح افراد نے اشتیاق احمد ڈار ولد ماسٹر غلام رسول ساکنہ سمنا کالونی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مذکورہ شخص خون میں لت پت ہو گیا ۔

آس پاس موجود لوگوں نے اگر چہ اشتیاق احمد کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے اُس کو مردہ قرا ردیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اشتیاق احمد کے سر میں کئی گولیاں پیوست تھیں جس کے نتیجے میں اُس کی موت واقع ہوئی ہے۔

کشتواڑ پولیس نے اس بات کی تصدیق کی کہ کشتواڑ میں مسلح افراد نے ایک شخص کو گولیوں سے بوندھ کر رکھ دیا ۔ پولیس کے مطابق اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔

Comments are closed.