وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی آئی یو ایس ٹی اونتی پورہ کے 20ویں یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت

اونتی پورہ/10نومبر
وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے آج اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی یو ایس ٹی) اونتی پورہ کے 20ویں یومِ تاسیس کی تقریبات کا اِفتتاح کیا اور اَپنے حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر میں اعلیٰ تعلیم، ہنر مندی اور تحقیقی شعبے کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ نوجوانوں کو مستقبل میں ترقی کی طرف گامزن کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔
اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے یہ سنگ میل حاصل کرنے پریونیورسٹی کو مُبارک باد پیش کی اور گزشتہ دو دہائیوں میں آئی یو ایس ٹی کی شاندار ترقی کی ستائش کی۔اُنہوں نے کہا،”عظیم چیزیں اکثر شائستہ آغاز سے آتی ہے ۔ آج میں یہاں بنیادی ڈھانچے ، تعلیمی ماحول اور طلبا¿ کے معیار میں جو ترقی دیکھ رہا ہوں اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ آئی یو ایس ٹی سیکھنے اور اختراع کا ایک نمایاں مرکز بن کر اُبھرا ہے۔“
عمر عبداللہ نے تعلیمی منظرنامے میں تبدیلی پر روشنی ڈالتے ہوئے نئی تعلیمی پالیسی کی اہمیت اور طالب علموں کے لئے اس کی لچک پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا،”اپنی ڈگری خود ڈیزائن کرنے اور عملی علم کو کلاس روم کے تجربات کے ساتھ ملا کر سیکھنے کی صلاحیت آپ کی نسل کے لئے ایک نعمت ہے۔ ہمارے وقت میں تعلیم صرف کتابوں میں موجود معلومات دہرانے تک محدود تھی، بغیر یہ جانے کہ یہ کبھی مفید ہوگی یا نہیں۔ آج کا نظام تخلیقی اور تنقیدی سوچ کو فروغ دیتا ہے۔“
وزیراعلیٰ جنہوں نے پہلے یونیورسٹی کے ٹیک ایکسپو کا اِفتتاح کیا، طلبا¿ کی اختراعی صلاحیت اور مسئلہ حل کرنے کے جذبے کی سراہنا کی۔اُنہوں نے کہا،”آج جو اِختراعی منصوبے میں نے دیکھے، وہ مجھے یقین دِلاتے ہیں کہ ہمارا مستقبل ہمارے حال سے زیادہ روشن ہوگا۔روبوٹک فروٹ پکنگ سسٹمز سے لے کر تنگ گلیوں کے لئے خودکار برف ہٹانے والے آلات تک ،یہ آئیڈیاز حقیقی چیلنجوںکو حل کرتے ہیں اور ہمارے نوجوانوں کی اُبھرتی ہوئی ذہنیت کو ظاہر کرتے ہیں۔“
اُنہوں نے یونیورسٹی سے ابھرتے ہوئے تحقیق اور پیٹنٹس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا، ”تعلیمی شعبے میں 20 سال ابھی ابتدا ہے۔ اس کے باوجود آئی یو ایس ٹی جیسے نوجوان ادارے کے 70 سے زائد پیٹنٹس پیدا کرنے سے اس کی علمی متحرکیت اور اختراعی روح کا پتہ چلتا ہے۔“
وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی کی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کے لئے مکمل حکومتی تعاون کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے کہا،”یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ آئی یو ایس ٹی کو تمام ضروری سہولیات اور وسائل فراہم کئے جائیں تاکہ اس کی ترقی جاری رہے۔ جو کچھ بھی ہم اس ادارے کی مدد کے لئے کر سکتے ہیں، ہم کریں گے۔“

Comments are closed.