رام بن میں او جی ڈبلیوز کی مشکوک سرگرمیوں کا پتہ لگانے کے لئے آپریشن شروع:پولیس

جموں، 9 نومبر

جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کو ضلع رام بن میں پاکستان سے کام کرنے والے جموں و کشمیر کے باشندوں کے رشتہ داروں (جے کے این او پیز) اور اوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیوز) کی مشکوک سرگرمیوں کا پتہ لگانے کے لیے ایک بڑے پیمانے پر محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔

ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی گرڈ کو مضبوط بنانے اور ضلع میں امن کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے، پولیس نے بانہال اور گول کے متعدد مقامات پر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، رام بن، ارون گپتا کی قریبی نگرانی میں ایک مربوط انداز میں محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد پاکستان سے کام کرنے والے جموں و کشمیر کے باشندوں کے رشتہ داروں کی مشکوک سرگرمیوں کا پتہ لگانا اور مشتبہ افراد کے سابقہ واقعات کی تصدیق کرنا اور حساس علاقوں کے ارد گرد سیکورٹی کو سخت کرنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران، پاکستان سے کام کرنے والے جموں و کشمیر میں سرگرم دہشت گردوں کے رشتہ داروں اور ان ساتھیوں اور اوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیوز) کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔

ترجمان نے بتایا: پولیس ٹیموں نے متعدد احاطوں کا اچھی طرح سے معائنہ کیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی ملک مخالف یا غیر قانونی سرگرمیاں نہیں انجام نہیں دی جا رہی ہیں اور نہ ہی ان کی حمایت کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مہم رام بن پولیس، فوج، سی آر پی ایف، اور ایس او جی یونٹس کی مشترکہ ٹیموں کے ساتھ ساتھ ڈیوٹی مجسٹریٹوں کے ذریعہ چلائی گئی جس میں ضلع بھر کے مختلف حساس علاقوں کا احاطہ کیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ آپریشنز کو منظم طریقے سے انجام دیا گیا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ عام لوگوں کو کوئی تکلیف نہ پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں جاری انسدادی اور انٹیلی جنس پر مبنی اقدامات کا حصہ ہیں تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

Comments are closed.