شمالی کشمیر میں فوجی اہلکار نے خود پر گولی چلاکر خود کشی کرلی
سری نگر ،:شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے لنگیٹ میں بدھ کے روز ایک فوجی اہلکار نے اپنے کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلاکر خودکشی کرلی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوج کی 30راشٹریہ رائفلز سے وابستہ 24 سالہ بریندر سنہا نامی فوجی اہلکار نے بدھ کی علی الصبح لنگیٹ میں اپنے کیمپ میں دوران ڈیوٹی اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلائی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ فوجی اہلکار جس نے اپنے سر کو نشانہ بناکر گولی چلائی تھی، کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ فوجی جوان نے خودکشی کا قدم کیوں اٹھایا۔ انہوں نے بتایا ’ہم نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے‘۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ قانونی اور طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد مہلوک فوجی اہلکار کی لاش اس کے آبائی گھر بھیجی جائے گی۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود وادی میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔ یو این آئی
Comments are closed.