مغل روڈ سے سیب سے لدے 12 سو ٹرکوں کو جموں کی طرف روانہ کیا گیا/صوبائی کمشنر
سری نگر، 16 ستمبر
صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر کو جموں صوبے کے ساتھ جوڑنے والے مغل روڈ سے سیب سے لدے 12 سو ٹرکوں کو جموں کی طرف روانہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ سیب صنعت سے وابستہ لوگوں کو ہوئے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے ۔
صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا: ‘وادی بھر کے فروٹ گروورس یونینوں کے ساتھ بات چیت ہوئی ہم نے ایک سسٹم بنایا ہے کہ مغل روڈ پر ایک دن سری نگر سے جموں اور دوسرے جموں سے سری نگر ٹریفک کی نقل و حمل جاری رہے ‘۔ ان کا کہنا تھا: ‘کل سے آج تک مغل روڈ سے سیب سے لدے 12 سو ٹرکوں کو جموں کی طرف روانہ کیا گیا ہے جو یہاں درماندہ تھے ‘۔ مسٹر گرگ نے کہا کہ متعلقہ ایجنسیوں کی مدد سے روڈ کی بحالی کا کام زوروں سے جاری ہے اور چھوٹی گاڑیوں کے ساتھ ساتھ بڑی گاڑیوں جیسے 6 ٹائر اور 10 ٹائر والی ٹرکوں کی نقل و حمل کو بھی ممکن بنایا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا: ‘ہماری کوشش ہے کہ دیگر اشیائے ضروریہ بھی جموں سے کشمیر پہنچ سکیں اور میوہ کو کشمیر سے جلد از جلد باہر لے جانے اور وہاں سے اشیائے ضروریہ یہاں لانے کے لئے کوششیں بڑے پیمانے پر جاری ہیں’۔ میوہ صنعت سے وابستہ لوگوں کو نقصان پہنچنے کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘جن لوگوں کا نقصان ہوا ہے ، اس پر ایک پالیسی فیصلہ کیا جائے گا ۔ اس بات کو متعلقہ حکام تک پہنچایا گیا ہے ‘
صوبائی کمشنر نے کہا کہ میوہ صنعت سے وابستہ لوگوں کو کوئی تکلیف نہ اٹھانی پڑے اور میوہ محفوظ طریقے سے جموں پہنچے اس کے لئے کام کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے اور افسران تال میل کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کو راحت پہنچائی جاسکے ۔
Comments are closed.