وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آئی اِی آئی سرینگر میں 58ویں اِنجینئرس دن میں شرکت کی

سری نگر/15 ستمبر

وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے آج اِنسٹی چیوشن آف اِنجینئر(اِنڈیا)، جموں و کشمیر سٹیٹ سینٹر (آئی اِی آئی جے کے ایس سی) سری نگر میں منعقدہ 58ویں یومِ انجینئرز کی تقریبات میں شرکت کی۔اُنہوں نے بھارت رتن سر ایم ویشورایا کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا اور قوم کی تعمیر میں انجینئروں کے کلیدی کردار کو اُجاگر کیا۔

وزیراعلیٰ نے اختراع اور اخلاقی ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انجینئرز ترقی اور عمل درآمد میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا، ”چاہے حکومت کامیاب ہو یا نہ ہو، اس میں اِنجینئروں کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔ ہم میٹنگوں اور سیشنوں میں نئے آئیڈیاز تو دے سکتے ہیں لیکن آپ کے بغیر انہیں عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکتا۔“

عمر عبداللہ نے اِنجینئرنگ کمیونٹی کو حکومت کی جانب سے ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا، “میں آپ سب کو یقین دِلانا چاہتا ہوں کہ میرے ساتھی اور میں اس پر سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔ ہم آپ کے دیرینہ مسائل کے دیرپا حل کے لئے پُرعزم ہیں۔ آپ جموں و کشمیر کو ایک ترقی یافتہ ریاست بنانے میں اَپنا کردار اَدا کرتے رہیںجبکہ ہم آپ کی سروس سے متعلق مسائل حل کرنے کی ذِمہ داری اٹھائیں گے۔“

اِس موقعہ پر وزیراعلیٰ نے آئی اِی آئی ایس سی جے کے کی پالیسی بریف اور نیوز لیٹر بھی جاری کیا۔

وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، رُکن قانون ساز اسمبلی لال چوک شیخ احسان احمد (پردیسی)، چیئرمین آئی اِی آئی ایس سی جے کے انجینئر افتخار احمد حکیم اور اعزازی سیکرٹری آئی اِی آئی ایس سی جے کے ڈاکٹرجہانگیر علی نے بھی اجتماع سے خطاب کیا اور معاشرے اور بنیادی ڈھانچے کی تشکیل میں اِنجینئروں کی خدمات کو سراہا۔

تقریب میں انجینئروں، ٹیکنوکریٹس اور دیگر پیشہ ور اَفراد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔

Comments are closed.