جموں میں 11 ستمبر تک ہلکی سے درمیانی بارشوں کا امکان، موسمیاتی ایڈوائزری جاری

جموں،7 ستمبر

محکمہ موسمیات نے جموں صوبے کے کئی اضلاع کے لئے موسمی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 سے 11 ستمبر کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ ہلکی سے درمیانی بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ کی پیش گوئی کے مطابق جموں، کٹھوعہ، ادھم پور، ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن اضلاع میں اس دوران وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ 7 ستمبر کی شام اور رات کے دوران جموں، کٹھوعہ اور ادھم پور میں کہیں کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے جس سے پہاڑی علاقوں میں مقامی سطح پر سیلابی صورتحال یا لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات کو رد نہیں کیا جاسکتا۔

محکمہ نے بتایا کہ جموں ضلع میں 7 اور 8 ستمبر کو مطلع ابر آلود رہے گا اور ہلکی سے درمیانی بارش کے امکانات ہیں، تاہم 9 ستمبر سے موسم جزوی طور پر صاف رہنے کی توقع ہے اور صرف چند ایک مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ یہی صورتحال کٹھوعہ اور ادھم پور اضلاع کے لئے بھی متوقع ہے۔

ادھر ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن میں 7 اور 8 ستمبر کو مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 9 سے 11 ستمبر تک موسم بتدریج صاف ہوگا ۔

محکمہ نے ہدایت دی ہے کہ نشیبی اور پہاڑی علاقوں کے رہائشی محتاط رہیں کیونکہ موسلا دھار بارش کی صورت میں پانی جمع ہونا، سڑکوں کی بندش اور مٹی کے تودے گرنے کے خدشات ہیں۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جموں-سری نگر قومی شاہراہ اور دیگر اندرونی راستوں پر سفر کے دوران مقامی حکام کی جانب سے جاری اپ ڈیٹس پر عمل کریں اور سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں۔

کاشتکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ کھڑی فصلوں کو پانی جمع ہونے اور مٹی کے کٹاؤ سے بچانے کے لئے احتیاطی اقدامات کریں۔ سیاحوں اور مقامی لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ موسم بہتر ہونے تک دریا کے کناروں، ندی نالوں اور غیر مستحکم ڈھلوانوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ وہ موسم کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور پیش گوئی میں کسی بھی قسم کی اہم تبدیلی کی صورت میں فوری طور پر نئی ایڈوائزری جاری کی جائے گی۔

Comments are closed.