جموں و کشمیر اور لداخ میں عید میلاد النبی(ص) کی تقریب جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی

سری نگر،6 ستمبر

جموں و کشمیر اور لداخ میں ہفتے کے روز عید میلادالنبی (ص) کی تقریب مذہبی جوش و خروش، روحانی سرشاری اور بے پناہ عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ مساجد، خانقاہیں، امام بارگاہیں اور زیارت گاہیں چراغاں سے جگمگاتی رہیں، جب کہ درجنوں مقامات سے عظیم الشان جلوس برآمد ہوئے۔ لاکھوں عقیدت مندوں کی شرکت سے وادی کی فضائیں درود و سلام، نعتیہ کلام اور نعرۂ تکبیر و رسالت کی صداؤں سے معمور ہو گئیں۔

اس دن کی سب سے بڑی اور پرشکوہ تقریب درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی، جو جھیل ڈل کے کنارے پر واقع ہے اور جہاں حضور اکرم (ص) کے موئے مقدس کی زیارت کی جاتی ہے۔ رات بھر جاری رہنے والی شب خوانی کی محافل میں ہزاروں مرد و زن نے شرکت کی۔ رات کی ٹھنڈ کے باوجود عقیدت مندوں نے وعظ و نصیحت، نعت خوانی، درود و سلام اور ختمات المعظمات میں بھرپور حصہ لیا۔
صبح کے وقت جب موئے مقدس(ص) کی زیارت کرائی گئی تو عاشقان رسول (ص) کے چہرے خوشی و سرور سے منور ہو گئے۔ آنکھوں میں آنسو، لبوں پر درود اور دلوں میں عقیدت کی شمعیں روشن تھیں۔ یہ وہ لمحہ تھا جس نے ہر عقیدتمند کے ایمان کو تازگی بخشی اور روحانی سکون عطا کیا۔

عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر وادی بھر میں جلوس ہائے میلاد نکالے گئے۔ جلوسوں کے دوران فضائیں "لبیک یا رسول اللہؐ”، "سرکار کی آمد مرحبا” اور "یا نبی سلام علیک” کے نعروں سے گونجتی رہیں۔ بچے سبز پرچم اور جھنڈیاں تھامے چل رہے تھے جبکہ بزرگ تسبیح و درود پڑھتے ہوئے جلوس کا حصہ بنے۔

راستے بھر جگہ جگہ پانی، چائے، گرم دودھ اور لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ کئی مقامات پر مقامی دکانداروں نے اپنی دکانوں کے سامنے عاشقان رسول (ص) کے لئے سبیلیں لگائیں۔

اس دن کی مناسبت سے منعقدہ مجالس میں علما و مشائخ نے حضور اکرم (ص) کی سیرتِ طیبہ پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ رسول اللہ (ص) کی تعلیمات عالمِ انسانیت کے لئے روشنی کا مینار ہیں۔ انہوں نے اتحاد، بھائی چارہ، خدمتِ خلق اور انسانیت نوازی کو امت مسلمہ کے لئے ناگزیر قرار دیا۔
خطبا نے اس بات پر زور دیا کہ آج کے دور میں امت کو نفرت اور تقسیم کے بجائے محبت، رواداری اور اخوت کا پیغام عام کرنا چاہئے۔ اگر ہم حضور (ص) کی سنتوں پر عمل کریں تو معاشرے سے ظلم، ناانصافی اور نفرت کا خاتمہ ممکن ہے۔
حضرت بل کے علاوہ آثار شریف شہری کلاشپورہ، پنجورہ، صورہ، ترال، پٹن اور گاندربل کی زیارت گاہوں میں بھی شب خوانی اور میلاد کی مجالس منعقد ہوئیں۔

Comments are closed.