خراب موسمی صورتحال : جموں ڈویژن بھر میں اسکول 3 ستمبر کو بند رہیں گے،امتحانات بھی ملتوی

سرینگر /02ستمبر

جموں میںجاری خراب موسمی صورتحال اور مسلسل بارشوں کے بیچ محکمہ اسکولی ایجوکیشن نے جموں صوبے کے تمام اسکول 03ستمبر کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔

ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموں کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکاری حکم کے مطابق یہ فیصلہ موسلادھار بارش، بادل پھٹنے، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے موسمی انتباہ کے بعد لیا گیا، جس سے طلباء اور عملے کی حفاظت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ڈی ایس ای جے نے مزید ہدایت کی کہ جہاں بھی ممکن ہو آن لائن کلاسز منعقد کی جائیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ اسی دوران جموں کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے موجودہ حالات کا حوالہ دیتے ہوئے 3 ستمبر کو ہونے والے 10ویں اور 11ویں جماعت کے امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

ایکس پر ایک پوسٹ میںبورڈ آف سکول ایجوکیشن کے دفتر نے اعلان کیا کہ 3 ستمبر 2025 کو لئے جانے والے 10ویں اور 11ویں جماعت کے تمام امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔جے کے بی او ایس ای کے مطابق، یہ فیصلہ موجودہ حالات کے پیش نظر کیا گیا ہے اور ملتوی امتحانات کی تازہ تاریخوں کو الگ سے مطلع کیا جائے گا۔

بورڈ نے طلبائ اور والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوبارہ طے شدہ امتحانی تاریخوں کے بارے میں سرکاری اطلاعات کے ذریعے اپ ڈیٹ رہیں۔

Comments are closed.