وزیر داخلہ امیت شاہ نے جموں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا

جموں، یکم ستمبر

وزیر داخلہ امیت شاہ جموں میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس دوران انہوں نے سب سے پہلے بکرم چوک اور توی برج پر سیلاب سے ہوئی تباہی کا جائزہ لیا۔

جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، جموں و کشمیر اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن سنیل شرما اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران ان کے ہمراہ ہیں۔
وزیر داخلہ قریب 11 بجے راج بھون سے روانہ ہوئے اور انہوں نے آغاز میں بکرم چوک اور توی برج کا دورہ کرکے وہاں سیلاب سے ہوئی تباہی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ذرائع کے مطابق وہ جموں صوبے میں سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کریں گے اور متاثرہ کنبوں سے براہ راست ملاقات کر کے زمینی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ کٹرہ میں شری ماتا ویشنو دیوی بیس کیمپ اور کشتواڑ کا بھی دورہ کریں گے جہاں حالیہ بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کافی جانی و مالی نقصان ہوا تھا۔
وزیر داخلہ اتوار کی شام جموں پہنچے تھے۔
حکام نے بتایا کہ وہ راج بھون میں سیلاب کی امداد اور سیلاب سے بارڈر سیکورٹی گرڈ کو پہنچنے والے نقصان پر دو الگ الگ میٹنگوں کی صدارت بھی کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ ماہ 14 اگست سے کشتواڑ، کٹھوعہ، ریاسی اور رام بن اضلاع میں بادل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب میں 130 سے زائد افراد جاں بحق اور 32 لاپتہ ہو گئے ہیں۔
یہ وزیر داخلہ کا تین ماہ میں جموں کا دوسرا دورہ ہے۔
قبل ازیں انہوں نے 29 مئی کو ضلع کا دورہ کیا تھا، تقریباً تین ہفتے بعد جب مسلح افواج نے 22 اپریل کو پہلگام حملے کے جواب میں سرحد پار دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے پر میزائل حملے کیے تھے۔

Comments are closed.