سرینگرجموں شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت دیر شام تک بحال ہونے کا امکان/ڈاکٹر جتیندر سنگھ

سری نگر،29اگست

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جمعے کے روز اُدھم پور میں تھرد اور بالی نالہ کے ان حصوں کا دورہ کیا جو حالیہ فلیش فلڈ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

اس موقعے پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اُدھم پور سلونی رائے کے علاوہ مختلف محکموں کے سینئر افسران، نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا اور مرکزی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے متاثرہ مقامات پر جاری بحالی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ قومی شاہراہ پر مرمت اور صفائی کا کام دن رات جاری ہے اور امکان ہے کہ سری نگر جانے والی شاہراہ کو آج رات تک بحال کردیا جائے گا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ مرکزی اور ریاستی سطح پر انتظامیہ پوری ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہے تاکہ مسافروں اور مقامی لوگوں کو درپیش مشکلات کو فوری طور پر کم کیا جاسکے ۔
مرکزی وزیر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ بحالی کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شاہراہ کی بحالی کے بعد ٹریفک نظام بہتر اور محفوظ انداز میں بحال ہو۔ انہوں نے مقامی لوگوں کو بھی یقین دلایا کہ مرکزی حکومت ان کے ساتھ ہے اور متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

Comments are closed.