پکھر پورہ چرار شریف میں پی ڈی ڈی جونیئر انجینئر سمیت تین ملازمین رشوت لیتے ہوئے گرفتار
اینٹی کورپشن بیورو جموں کشمیر نے کہا کہ انہوں نے محکمہ پکھر پورہ چرار شریف میں محکمہ پی ڈی ڈی کے جونیئر انجینئر اور دو دیگر ملازمین کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتا ر کر لیا ہے ۔
ایک بیان میں اینٹی کورپشن بیورو نے کہا کہ انہیںایک تحریری شکایت موصول ہوئی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ پکھر پورہ چرار شریف علاقے میں تعینات محکمہ بجلی کے جونیئر انجینئر محمد عرفان گنائی دوسرے دو ماتحت ملازموں کے ذریعے شکایت کنندہ کے گھر سے متصل ایچ ٹی لائن کو منتقل کرنے کیلئے 5000 روپے رشوت طلب کر رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ شکایت کنندہ، رشوت دینے کیلئے تیار نہیں، قانونی کارروائی کیلئے اے سی بی سے رجوع ہوا۔ معلومات کے نتیجے میں اور شکایت میں لگائے گئے الزام کی تصدیق کیلئے اے سی بی سرینگر کے ایک نامزد افسر کے ذریعے معاملے کی احتیاط سے تصدیق کی گئی۔
شکایت کے مواد، تصدیق کرنے والے افسر کے نتائج اور سفارشات کی بنیاد پر، انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 کے تحت کیس درج کر لی گئی اور محکمہ پی ڈی ڈی کے جونیئر انجینئر محمد عرفان گنائی ولد محمد سلطان گنائی ساکنہ کامرازی پورہ پلوامہ ، عابد حسین وانی ولد عبد الرشید وانی ساکنہ پکھر پورہ (لائن مین ) اور سجاد احمد میر ولد عبد الرشید میر ساکنہ پکھر پورہ چرار شریف کے خلاف ایف آئی آر نمبر 17/2025اے سی بی پولیس اسٹیشن سرینگر میں درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی اور اسے پکھر پورہ چرار شریف، بڈگام میں تعینات کیا گیا۔ ٹیم نے ایک کامیاب جال بچھا دیا اور تینوں کو شکایت کنندہ سے 5ہزار کی رشوت مانگتے اور قبول کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
Comments are closed.