وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سیلاب سے متاثرہ جموں کا تفصیلی دورہ کیا
جموں/27 اگست
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مانسون کی شدید بارشوں اور جموں میں سیلاب کی صورت حال کے بعد نقصانات کا جائزہ لینے اور فوری اِمدادی اَقدامات کی نگرانی کے لئے آج شہر کا تفصیلی دورہ کیا۔اُنہوںنے جموں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے زمینی صورتحال کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ حساس علاقوں میں لوگوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اَقدامات کریں۔
وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات اور اَمورصارفین ، ٹرانسپورٹ ستیش شرما بھی تھے۔ وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا،صوبائی کمشنرکمشنر جموں رمیش کمار، اِنسپکٹر جنرل پولیس جموں زون بھیم سین ٹوٹی، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں ڈاکٹر راکیش منہاس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انسویا جموال اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔
صوبائی کمشنر رمیش کمار اورضلع ترقیاتی کمشنر راکیش منہاس نے وزیراعلیٰ کو جاری ریسکو آپریشنز، عارضی پناہ گاہوں کے کام، رسد کی فراہمی اور بین محکمہ جاتی رابطہ کاری کے بارے میں بریف کیا۔
وزیر اعلیٰ نے دورے کے دوران چوتھے توی پُل بھگوتی نگر، پرانے کیمپس یونیورسٹی میں سائنس کالج، ہوٹل فورچیون رویرا کے قریب ہری سنگھ پارک اور گجر نگر جموں کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا معائینہ کیا۔ اُنہوںنے زور دیا کہ چوتھے توی پل کا خراب شدہ حصہ فوری تکنیکی جانچ کی ضرورت ہے اور یاد دِلایا کہ یہ ڈھانچہ 2014 ءکے سیلاب میں بھی متاثر ہوا تھا۔ اُنہوں نے آئندہ ایسے خطرات سے بچنے کے لئے حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
عمر عبداللہ نے تباہ شدہ مکانات کے معاملے پر کہا کہ بحالی کے منصوبے کو جامع انداز میں تیار کیا جانا چاہیے تاکہ متاثرہ کنبوں کو مناسب مدد مل سکے۔ اُنہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ فوری طورپر زمینی چیلنجوں کی نشاندہی کریں اورانہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔
Comments are closed.