اونتی پورہ میں مختصرجھڑپ، جیش محمد کا اعلیٰ کمانڈر جاں بحق :فوج
سرینگر یوپی آئیہٹی وارہ اونتی پورہ میں مختصر جھڑپ کے دوران جیش محمد کا آپریشنل کمانڈر جاں بحق ۔ دفاعی ترجمان نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سنجوان فوجی کیمپ حملے کا ماسٹر مائنڈ اونتی پورہ میں مختصر جھڑپ کے دوران جاں بحق ہوا ہے اور اُس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ۔ مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد 50آر آر 130بٹالین سی آر پی ایف نے ہٹی وارہ لیتہ پورہ اونتی پورہ میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا اس دوران اچانک عسکریت پسند اور سیکورٹی فورسز کے درمیان آمنا سامنا ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں جیش محمد کے آپریشنل کمانڈر کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ۔ دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے اس سلسلے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہاکہ ہٹی وارہ اونتی پورہ میں جیش کمانڈر کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا جس دوران مختصر گولیوں کے تبادلے میں جیش محمد کا آپریشنل کمانڈر مار اگیا۔ دفاعی ترجمان نے مزید بتایا کہ جیش کمانڈر سنجوان فوجی کیمپ کا ماسٹر مائنڈ تھا اور اُس کی ہلاکت سے جیش محمد کو دھچکا لگا ہے۔ دفاعی ترجمان کے مطابق جھڑپ کے دوران سیکورٹی فورسز کا کوئی بھی اہلکار زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔ دفاعی ترجمان کے مطابق 17دسمبر کے روز جیش کمانڈر نور محمد کو مار گرانے کے بعد جنگجو تنظیم نے غیر ملکی جنگجو کو جیش کا آپریشنل کمانڈر مقرر کیا تاہم اُس کو بھی اب کیفر کردار تک پہنچایا گیا ہے۔ ذرائع نے جیش محمد کے جنگجو کی شناخت مفتی وکاس ساکنہ پاکستان کے بطور کی ہے۔
Comments are closed.