جموں صوبے میں آج بھی سبھی اسکول بند رہیں گے:حکام

جموں صوبے میں شدید بارش اور موسم کی خراب صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے منگل کے روز تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ تعلیم جموں ڈویژن کی جانب سے باضابطہ حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر کے لئےگرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے 17 اگست سے 19 اگست تک الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران جموں، ریاسی، اُدھمپور، راجوری، پونچھ، سانبہ، کٹھوعہ، ڈوڈہ، کشتواڑ، رامبن اور وادی کشمیر کے کچھ حصے سیلابی ریلوں، زمین کھسکنے اور بادل پھٹنے کے خطرات سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
پیر کے روز موسلا دھار بارش نے جموں خطے کے کئی اضلاع کو متاثر کیا، جس کے نتیجے میں کئی رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا اور متعدد سڑکیں بند ہو گئیں۔ اگرچہ کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم حکام نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ پانچ دنوں کے دوران کشتواڑ کے چسوتی گاؤں اور کٹھوعہ ضلع کے جوڈھ گھاٹی اور جنگلوٹے علاقوں میں تین الگ الگ بادل پھٹنے کے واقعات میں 68 افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے جبکہ 122 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن جموں کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خراب موسمی حالات کے پیش نظر یہ حکم دیا جاتا ہے کہ جموں صوبے کے تمام سرکاری و نجی اسکول کل تک بند رہیں گے۔
یاد رہے کہ شدید بارشوں کی وجہ سے خطے میں ندی نالے اور دریاؤں کا پانی خطرے کے نشان کے قریب بہہ رہا ہے، جبکہ حساس علاقوں میں مقامی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔

Comments are closed.