کٹھوعہ میں بادل پھٹنے کا واقعہ، 4 افراد کی موت، 6 زخمی

جموں، 17 اگست

جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے ایک دور افتادہ راج باغ گھاٹی علاقے میں دوران شب بادل پھٹنے کے نتیجے میں آنے والے فلش فلڈ سے 4 افراد کی موت جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کٹھوعہ کے راج باغ گھاٹی گاوں میں دوران شب بادل پھٹنے کے نتیجے میں آنے والے فلش فلڈ سے 4 افراد کی موت جبکہ 6 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ریلوے ٹریک اور نیشنل ہائی وے کو بھی نقصان پہنچاہے اور پولیس اسٹیشن بھی متاثر ہوا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ فوج، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور سول انتظامیہ نے وسیع پیمانے پر بچاؤآپریشن شروع کر دیا ہے۔

مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘کٹھوعہ کے جنگلوت علاقے میں بادل پھٹنے کے واقعے کی خبر موصول ہونے کے بعد ایس ایس پی کھٹوعہ شوبھت سکسینہ سے بات کی’۔انہوں نے کہا: ‘4 ہلاکتوں کی اطلاع ہے اس کے علاوہ ریلوے ٹریک، نیشنل ہائی وے کو نقصان پہنچا ہے جبکہ پولیس اسٹیشن کٹھوعہ بھی متاثر ہوا ہے’۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ سول انتظامیہ، فوج اور نیم فوجی دستے بچائو کارروائیوں میں لگے ہوئے ہیں اورصورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔انہوں نے سوگوار کنبوں کے ساتھ تعزیت کی۔

Comments are closed.