کرائم برانچ کشمیر نے چار ملزمان کے خلاف فراڈ اور جعلسازی کی چارج شیٹ دائر کی
سری نگر12اگست
کرائم برانچ کشمیر نے چار افراد کے خلاف سنگین الزامات میں چارج شیٹ پیش کر دی ہے۔ ملزمان میں سید خورشید امین شاہ ولد مرحوم محمد امین شاہ رہائشی واتل باغ لار گاندربل (جو اُس وقت پٹواری کے عہدے پر تھے) بھی شامل ہیں، جن پر کرپشن، جعلسازی، دھوکہ دہی اور مجرمانہ بدعنوانی کے الزامات عائد ہیں۔
ترجمان کے مطابق کرائم برانچ کشمیر کو جے اینڈ کے بینک، برانچ ہیڈ ریزیڈنسی روڈ سرینگر کی جانب سے شکایت موصول ہوئی کہ ملزمان نے دھوکہ دہی کے ذریعے جعلی ریونیو دستاویزات بینک میں جمع کروائیں اور 29 لاکھ روپے کی اوورڈرافٹ سہولت حاصل کی، جسے بعد ازاں ان ملزمان نے ناجائز طور پر حاصل کر لیا۔
شکایت کے بعد کیس درج کیا گیا اور تحقیقات مکمل ہونے پر ملزمان محمد امین راہ ولد جلال الدین راہ، فیاض احمد راہ ولد جلال الدین راہ، گلزار احمد راہ ولد جلال الدین راہ، ساکنان ہاؤسنگ کالونی چھانہ پورہ سرینگر، اور سید خورشید احمد شاہ ولد مرحوم محمد امین شاہ واتل باغ لار گاندربل پر جعلسازی اور دھوکہ دہی کے الزامات ثابت ہوئے۔
واضح رہے کہ سید خورشید امین شاہ (پٹواری) کے خلاف کرائم برانچ کشمیر میں کیس زیر نمبر 79/2022 میں بھی دھوکہ دہی اور جعلسازی کے تحت مقدمہ زیر التوا ہے۔
ملزمان پر دفعہ 420، 467، 468، 471، 472، 201 اور 120-B آر پی سی کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ چارج شیٹ متعلقہ عدالت میں پیش کی گئی ہے تاکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
Comments are closed.