کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی درانداز زخمی حالت میں گرفتار

جموں11اگست

جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد کے قریب بی ایس ایف کے چاق و چوبند اہلکاروں نے پیر کے روز ایک پاکستانی درانداز کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، ہیرانگر سیکٹر میں چندوان اور کوٹھے سرحدی چوکیوں کے درمیان تقریباً شام 4 بجے بی ایس ایف اہلکاروں نے مشتبہ حرکت دیکھی، جہاں کچھ افراد اس پار داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
اہلکاروں نے موقع پر ہی دراندازوں کو رکنے کا انتباہ دیا، لیکن انہوں نے بار بار کی گئی وارننگ کو نظرانداز کیا۔ اس پر اگلی چوکیوں پر تعینات بی ایس ایف جوانوں نے فائرنگ کی، جس سے ایک درانداز زخمی ہوگیا۔ زخمی شخص کو گرفتار کر کے فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ گرفتار درانداز کی شناخت اور اس کی ناکام دراندازی کی کوشش کے پسِ پردہ وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دریں اثنا بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 11اگست 2025 کی شام کو بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے کٹھوعہ میں سرحد کے نزدیک مشکوک حرکت دیکھی جہاں ایک پاکستانی شہری کو بین الاقوامی سرحد عبور کرتے اور جارحانہ انداز میں سرحدی باڑ کی جانب بڑھتے ہوئے دیکھا گیا۔ اہلکاروں نے اسے خبردار کیا لیکن اس نے ان کی بات نہیں مانی۔ بی ایس ایف اہلکاروں نے خطرہ محسوس کرتے ہوئے اس کی ٹانگوں پر فائرنگ کی۔ بعد ازاں اسے تحویل میں لے لیا گیا۔

Comments are closed.