جموں و کشمیر کو دہشت گردی سے پاک رکھنے کے اپنے عہد پر قائم ہے: ناردرن کمانڈر

جموں،30جولائی

جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں جاری فوجی آپریشن ’شیو شکتی‘ کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے وائٹ نائٹ کور (16 کور) کی بروقت اور مؤثر کارروائی کی سراہنا کی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ آپریشن حالیہ دراندازی اور بڑھتی ہوئی ملی ٹنسی سرگرمیوں کے پس منظر میں انجام دیا جا رہا ہے تاکہ سرحدی علاقوں میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق، آپریشن ’شو شکتی‘ پونچھ کے جنرل ایریا میں کئی روز سے جاری ہے، اور سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کے بارے میں مصدقہ اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے اپنے ایک بیان میں کہا:’میں وائٹ نائٹ کور کی تیز رفتار اور درست کارروائی کی تعریف کرتا ہوں۔ ان کی پیشہ ورانہ مہارت نے ایک بڑے خطرے کو ختم کر دیا۔ بھارتی فوج جموں و کشمیر کو دہشت گردی سے پاک رکھنے کے اپنے عہد پر قائم ہے۔‘
فوجی ذرائع کے مطابق، علاقے میں اب بھی سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ طور پر چھپے ہوئے دیگر دہشت گردوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ پونچھ اور راجوری جیسے سرحدی اضلاع میں حالیہ مہینوں کے دوران دراندازی کی کوششوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے جواب میں فوج نے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ ’آپریشن شو شکتی‘، فوج کے انتیہائی منظم اور انٹیلی جنس پر مبنی انسداد دہشت گردی اقدامات کا حصہ ہے، جس کا مقصد کنٹرول لائن کے قریب سرگرم دہشت گرد گروپوں کو ختم کرنا اور امن و قانون کی صورتحال کو مستحکم رکھنا ہے۔

Comments are closed.