آپریشن مہا دیو: فوج کی شمالی کمان کے سربراہ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو جانکاری فراہم کی

سری نگر،29جولائی

فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو آپریشن مہادیو کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر پندرہویں کور کے کمانڈر لیفٹننٹ جنرل پرشانت سریواستو بھی ان کے ہمراہ تھے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے داچھی گام کے دشوار گزار جنگلات میں کی گئی اس اہم کارروائی کی کامیابی پر فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کو دلی مبارکباد دی۔ اس آپریشن میں پہلگام دہشت گرد حملے کے ذمہ دار تین پاکستانی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
فوجی کمانڈر نے لیفٹیننٹ گورنر کو بتایا کہ جنوبی کشمیر سے لے کر داچھی گام جنگلاتی علاقے تک کئی مہینوں سے مسلسل تلاشی آپریشن جاری ہے کیونکہ یہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات مل رہی تھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حالیہ دنوں میں مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہونے کے بعد خصوصی ٹیموں کو متحرک کیا گیا، اور فوج، جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور خفیہ ایجنسیوں کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں یہ بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اس آپریشن کو جموں و کشمیر میں امن و امان کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا اور فورسز کے عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کو خراج تحسین پیش کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ’ہم دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ یہ کارروائی اس بات کا واضح پیغام ہے کہ دہشت گردی اور اس کے سرپرستوں کے لیے جموں و کشمیر میں کوئی جگہ نہیں۔‘

Comments are closed.