سنگھ پورہ پٹن میں جامع ڈرگ ڈی ایڈکشن مہم پروگرام کا انعقاد

پٹن /28جولائی / ٹی آئی نیوز

منشیات سے پاک معاشرے کی تعمیر کی طرف ایک اہم قدم کے طور پر یوتھ کمیٹی سنگھ پورہ نے گورنمنٹ ہائی سکول سنگھ پورہ اور میر گنڈ پولیس کے باہمی اشتراک سے سنگھ پورہ میں ایک جامع ڈرگ ڈی ایڈکشن مہم/ آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں اور کمیونٹی کو نشہ آور اشیاءکے مضر اثرات کے بارے میں آگاہ کرنا تھا اور ساتھ ہی ساتھ گاوں کے مختلف مقامات پر بھنگ کے پودوں کو تباہ کر کے کارروائی کرنا تھا۔

پروگرام میں جی ایچ ایس سنگھ پورہ ہیڈ مسٹرس فرحت مسعودی اور ڈی او میرگنڈ کے علاوہ طلبہ اور پولیس پرسنز نے شرکت کی اور ان کی پرجوش شمولیت نے مہم میں بہت اہمیت اور تحریک پیدا کی۔

گورنمنٹ ہائی سکول سنگھ پورہ کے طلباءنے بھی جوش و خروش سے حصہ لیا، بیداری کی سرگرمیوں اور صفائی مہم دونوں میں اپنا حصہ ڈالا۔ طلباءاور مقامی لوگوں کو انفرادی زندگی اور مجموعی طور پر معاشرے پر منشیات کے تباہ کن اثرات کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے تعلیمی سیشن منعقد کیے گئے۔مہم کے ایک حصے کے طور پر، شرکاءنے پولیس اہلکاروں اور رضاکاروں کے ساتھ مل کر اس علاقے میں غیر قانونی طور پر اگنے والے بھنگ کے پودوں کے کئی پیچوں کی نشاندہی کی اور انہیں اکھاڑ پھینکا۔ ان پودوں کی تباہی کمیونٹی سے منشیات کے استعمال کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی جانب ایک علامتی لیکن موثر قدم تھا۔

یوتھ کمیٹی سنگھ پورہ نے اس مہم کو منظم کرنے اور اس کو انجام دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ کمیٹی کے اراکین نے نتائج پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور میڈیا کے نمائندگان بالخصوص کے پی ایس سے وابستہ ساحل نذیر کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے، کمیٹی کے اراکین نے منشیات کی لعنت کے خلاف جنگ میں کمیونٹی کی مسلسل شمولیت اور تعلیمی اداروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی تنظیموں کے درمیان مضبوط تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اس موقعہ پر ہیڈمسٹرس فرحت مسعودی نے منشیات سے نجات اورنئی نسل سے اس سے دور رکھنے کےلئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ ان کے ادارہ کے دروازے اس طرح کے جانکاری پروگراموں کےلئے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔اس موقعہ پر پوسٹ آفیسر نے منشیات سے پاک معاشرہ تعمیر کرنے کےلئے لوگوں کو تعاون دینے کی اپیل کی ۔

Comments are closed.